Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے سابق میجر عادل راجہ برطانیہ پہنچ گئے

گذشتہ رات ان کی اہلیہ نے کہا تھا کہ ان کا عادل راجہ سے رابطہ نہیں ہورہا۔ (تصویر: ٹوئٹر)
راولپنڈی سے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے ’پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی‘ کے سابق ترجمان ریٹائرڈ میجر عادل راجہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے خاندان کے پاس برطانیہ واپس پہنچ گئے ہیں۔
بدھ کی رات عادل راجہ کی اہلیہ سبین کیانی کی طرف سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا تھا کہ وہ اپنے شوہر سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن رابطہ نہیں ہو سک رہا۔
انہوں نے مزید لکھا تھا کہ ’کسی کے پاس ان کے متعلق کوئی اطلاع ہے۔‘
ان کی اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ شاید وہ جبری طور پر لاپتہ کردیے گئے ہیں۔

تاہم جمعرات کو ذرائع نے اسلام آباد میں صحافیوں کو تصدیق کی کہ سابق میجر آج صبح اسلام آباد ایئرپورٹ سے برطانیہ روانہ ہوگئے تھے۔
جمعرات کو ایک ٹویٹ میں سابق میجر عادل راجہ نے لکھا ’دوستوں کی دعاؤں اور اللہ کی مدد کیساتھ الحمداللہ میں خیروعافیت سے اپنی فیملی کے پاس برطانیہ پہنچ گیا ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’کہنے کو بہت کچھ ہے مگر ہر بات اپنے وقت پر ہوگی۔ اس کے بعد اگر میری ماں اور عزیزوں پر آنچ بھی آئی تو میں کسی کا لحاظ نہیں کروں گا۔‘

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں پولیس کے پاس درج کروائی گئی ایک شکایت کی کاپی بھی ٹویٹ کے ساتھ شیئر کی جس میں ’جان سے مارنے‘ کی دھمکیوں کا بھی ذکر ہے۔

شیئر: