جدہ سیزن ٹو کا آغاز عیدالفطر سے، کینیڈین سرکس سمیت بہت کچھ
شاہ عبداللہ سپورٹس سٹی میں متعدد پروگرام پیش کیے جائیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں جدہ سیزن کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ عید الفطر کے پہلے روز یعنی دو مئی کو جدہ سیزن ٹو کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے جو 28 جون تک جاری رہے گا۔
اخبار 24 کے مطابق جدہ سیزن میں معروف ’ڈیو سولیل ‘سرکس کا شو بھی پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے ڈیو سولیل سرکس کینیڈا کی معروف سرکس کمپنی ہے جو 1984 میں قائم ہوئی تھی اوراس نے جلد عالمی شہرت حاصل کی۔
سیزن کی انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ ’شاہ عبداللہ سپورٹس سٹی میں متعدد پروگرام پیش کیے جائیں گے جن میں ڈرامے اور شوز شامل ہیں۔‘
شوز اور دیگر پروگرام پیر سے جمعرات تک شب 9 سے 11 بجے تک جبکہ جمعہ اور ہفتے کو شام 4 سے 6 اور رات 9 سے 11 بجے تک ہوں گے۔
یاد رہے مارچ 2020 میں کورونا وائرس کے پھیلاو کے باعث جدہ سیزن کی منسوخی کا اعلان کیا گیا تھا۔
ریاض سیزن کی کامیابی کے بعد جدہ سیزن کا آغاز کیا جا رہا ہے، ریاض سیزن میں پانچ ماہ کے دوران ایک کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ افراد آئے تھے۔
اس سال جدہ سیزن نئی پہنچان اور شہر میں ثقافتی تنوع کے اظہار کے لیے نئے تصور کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
جدہ سیزن میں تاریخی، سیاحتی، ثقافتی اور منفرد تفریحاتی پرگرام ہوں گے جو ہرعمر کے لوگوں کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
نیا سیزن علاقے کے مستقل سیاحتی مرکز کے طور پر جدہ شہر کو متعارف کرایا جائے گا۔ سعودی وژن 2030 کے تحت جدہ کا ترقیاتی کردار اجاگر ہوگا۔
جدہ سیزن کے دوسرے ایڈیشن میں متعدد ایونٹس اورتفریحی سرگرمیاں ہوں گی جو جدہ کی تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی حیثیت کی عکاس ہیں۔