شاہ سلمان اور ولی عہد کی فرانسیسی صدر کو دوسری بار منتخب ہونے پر مبارک باد
شاہ سلمان نے تہنیتی خط میں فرانسیسی صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے ایمانوئل میکخواں کو فرانس کا دوسری بار صدر منتخب ہونے پر تہنیتی خط بھیجا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نے پیر کو علی الصبح بتایا کہ شاہ سلمان نے تہنیتی خط میں ان کے صدر منتخب ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان شاندار تعلقات کی تعریف کی ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی تہنیتی خط بھیجا ہے اور صدر ایمانوئل میکخواں کی کامیابی اور فرانسیسی عوام کے لیے مزید ترقی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے آئپسوس پولنگ انسٹیٹیوٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار کو ہونے والے انتخابات میں ایمانوئل میکخواں نے 58.2 فیصد ووٹ حاصل کیے۔
دوبارہ منتخب ہونے کے بعد میکخواں 20 برسوں میں دوسری مرتبہ جیتنے والے پہلے فرانسیسی صدر بن گئے ہیں۔
جوہری طاقت اور دنیا کی مضبوط ترین معشیتوں میں شامل فرانس کے انتخابات کا نتیجہ روس یوکرین جنگ پر بھی اثرانداز ہو سکتا ہے کیونکہ فرانس نے روس کے خلاف کلیدی کردار ادا کیا اور اپنے پڑوسی ملک پر حملے کی وجہ سے اس پر پابندیوں کی کھل کر حمایت کی ہے۔
میکخواں نے جیت کے بعد اتوار کو اپنے خطاب میں کہا ’آنے والے پانچ سال مختلف ہوں گے اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ کسی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔‘