شاہ سلمان اور ولی عہد کی یمنی ریاستی کونسل کے سربراہ کو مبارکباد
اتوار 24 اپریل 2022 21:01
یمنی کونسل کے ارکان کے لیے کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے( فوٹو العربیہ)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یمنی ریاستی کونسل کے سربراہ کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریاستی کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی اور کونسل کے ارکان کے لیے کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ چاہتے ہیں کہ آپ یمنی عوام کے لیے امن و استحکام بحال کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی حلف اٹھانے پر یمن کے رشاد العلیمی اور ریاستی کونسل کے ارکان کو مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ’ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے والے اقدامات ہوں۔ یمن کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی صلاح و فلاح کے حوالے سے ہر اقدام کی حمایت کی جائے گی‘۔
یاد رہے کہ یمنی صدرعبدالربہ منصور ھادی نے7 اپریل 2022 کو یمنی ریاستی کونسل کی تشکیل کا حکم جاری کیا تھا۔ انہوں نے آئین کے مطابق اپنے تمام اختیارات ریاستی کونسل کو سونپ دیے تھے۔
یمنی ریاستی کونسل عبوری مرحلے کے دوران ملک کے سیاسی، عسکری اور امن و سلامتی کے انتظامات چلائے گی۔
رشداد محمد العلیمی کونسل کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں جبکہ سلطان العرادہ، طارق صالح، عبدالرحمن ابو زرعہ، عبداللہ العلیمی، عثمان مجلی، عیدروس الزبیدی اور فرج البحسنی کونسل کے ارکان ہیں۔