رمضان میں 9 ہزار سے زائد عمرہ زائرین کوطبی خدمات کی فراہمی
36 عمرہ زائرین کا آپریشن کیا گیا جبکہ 26 کی اینجوپلاسٹی ہوئی(فوٹو، ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ کے طبی اداروں میں گزشتہ 23 دنوں میں 9 ہزار 77 عمرہ زائرین کومختلف نوعیت کی طبی خدمات فراہم کی گئی۔
سبق نیوز کے مطابق ریجنل امورصحت کے سی ای اوڈاکٹر حاتم بن احمد العمری نے مکہ مکرمہ کے طبی اداروں کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی خدمات پرتسلی و اطمینان کا اظہار کیا۔
سی ای او نے اجیاد ایمرجنسی ہسپتال ، حرم مکی کے ہسپتال اورہنگامی طبی امدادی مرکز کی تمام اقسام و دیگر طبی مراکز کا دورہ بھی کیا۔
اس دوران انہیں بتایا گیا کہ رمضان المبارک کے ابتدائی دوعشروں میں تقریبا 9 ہزار 77 عمرہ زائرین اورمسجد الحرام میں آنے والوں کومختلف نوعیت کی طبی خدمات فراہم کی گئی۔
مستقل بنیادوں پرقائم طبی مراکز کے علاوہ موبائل طبی یونٹ بھی حرم مکی الشریف میں کام کرتے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طورپرمتاثرین یا متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔
فراہم کی جانے والی طبی خدمات میں 36 زائرین کا ہنگامی حالت میں آپریشن کیا گیا جبکہ 349 کو ڈائیلاسیس کے مراحل سے گزارا گیا اور26 ایجنوپلاسٹی کی گئی۔