سعودی عرب میں داخلی اور بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ مہنگے کیوں ہوگئے؟
ٹکٹوں کے نرخوں میں کمی بیشی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں رمضان کے آخری عشرے اورعید الفطر کی تعطیلات کے باعث ملکی و بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ مہنگے ہو گئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہرین نے کہا ہے کہ بزنس، فرسٹ اور اکانومی کلاس کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں فرق ہے۔ ٹکٹوں کے نرخوں میں کمی بیشی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
فضائی کمپنیوں اوربکنگ ویب سائٹس کے اعداد وشمار کے مطابق اپریل کے وسط تک فضائی ٹکٹوں کے نرخ مستحکم تھے۔ اپریل کے آخری ہفتے اور مئی کے پہلے ہفتے کے لیے بکنگ مشکل ہوگئی ہے، اس دوران ٹکٹ مہنگے ہیں۔
اندرون ملک سب سے زیادہ مہنگے ٹکٹ جدہ کے ہیں۔ جدہ، ریاض، جدہ اکانومی کلاس کا ٹکٹ تین ہزار ریال تک میں دستیاب ہے۔
جدہ کے بعد مدینہ، ریاض،مدینہ کا ٹکٹ 2500 ریال میں مل رہا ہے۔
سب سے سستا ٹکٹ قاہرہ کا ہے۔ قاہرہ، جدہ، قاہرہ ٹکٹ 1200 ریال کا ہے۔
دبئی اورعمان کا ریٹرن ٹکٹ دو ہزار ریال، دارالبیضا کا ریٹرن ٹکٹ دو ہزار 800 ریال میں دستیاب ہے۔ خلیجی ممالک میں سب سے سستا ٹکٹ کویت کا ہے۔