اسلام آباد... قومی اسمبلی میں خواتین سے متعلق ریمارکس پر آصفہ بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے معذرت کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعرات کو اجلاس میں خواتین اراکین کی جانب سے شور شرابے پر اسپیکرایازصادق نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ شور نہ کریں اگر باتیں ہی کرنی ہیں تو باہر چلی جائیں جس پر خورشید شاہ نے کہا کہ اسپیکر صاحب خواتین کو بولنے سے منع نہ کیا کریں ورنہ یہ بیمار ہو جائیں گی۔ خواتین کو بولنے سے منع کرنا ہمارے لئے عذاب بن جائے گا۔ اس ریمارکس پر ایوان میں قہقہے لگے۔ اسپیکر نے اپوزیشن لیڈر کو تنبیہہ کی کہ شاہ صاحب آپ خواتین کے بارے میں اس طرح بات کرکے اسمبلی کا استحقاق مجروح کر رہے ہیں ۔دریں اثناءآصفہ بھٹو نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سیاست میں بار بارخواتین سے متعلق تضحیک آمیز بیانات دیئے جاتے ہیںجو پارلیمنٹ بھی پہنچ چکے ۔ ایسے بیانات کسی طور پر برداشت نہیں کئے جا سکتے۔ امید ہے خورشید شاہ اپنے بیان پر معذرت کریںگے۔آصفہ نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ ہمارے معاشرے کی عکاس ہے اگر پارلیمنٹ میں خواتین سے متعلق ایسے تضحیک آمیز ریمارکس دیئے جائیں گے تو اس کا نشانہ ہم بھی ہوں گے۔