Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی

نئی دہلی.. بی جے پی نے7 ریاستوں میں 8 اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 5 میں کامیابی حاصل کرلی ۔ کرناٹک اور مغربی بنگال میں اسے زبردست شکست سے دوچار ہونا پڑا ۔ الیکشن کمیشن کے انتخابی نتائج کے مطابق کرناٹک کے2 اسمبلی حلقوں ناجن گڑ اور گندلوپیٹ میں کانگریس کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ کانگریس کے سابق وزیر اور دلت لیڈر سرینواس پرساد نے پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی اس لئے انہوں نے ضمنی انتخابات میں 20 ہزار ووٹوں سے شکست کھائی۔ کانگریس کے دوسرے امیدوار نے 86 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ مغربی بنگال کے کانتی د کشن اسمبلی حلقے سے حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے امیدوار چندری ما بھٹہ چاریہ کو 95 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے کامیابی ملی۔ ان کے حریف بی جے پی کے امیدوار سوریندرا موہن نے 92 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے۔ جن ریاستوں میں بی جے پی کو کامیابی ملی ان میں دہلی، راجستھان، ہماچل پردیش، مدھیہ پردیش اور آسام شامل ہیں۔ سب سے زیادہ اہم کامیابی بی جے پی کو دہلی میں حاصل ہوئی جہاں حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو بھاری شکست سے دوچار کیا تھا۔ دہلی کے راجوری گارڈن اسمبلی حلقے میں عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے جرنیل سنگھ نے پنجاب کے اسمبلی انتخابات کے دوران اس حلقے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور پنجاب میں پرکاش سنگھ بادل کے مقابلے میں لانبی حلقے سے الیکشن ہار گئے تھے۔ جرنیل سنگھ کے راجوری گارڈن چھوڑنے سے رائے دہندگان میں کافی مایوسی تھی جس کا فائدہ بی جے پی کے منجندر سنگھ سرسا نے اٹھایا اور 14 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے اپنی کانگریسی حریف میناکشی چندیلا کو ہرا دیا۔ اس سیٹ پر عام آدمی پارٹی کے امیدوار ہرجیت سنگھ نے صرف 2600 ووٹ حاصل کئے اور تیسری پوزیشن پر رہے۔ راجوری گارڈن کی سیٹ ہارنے کا عام آدمی پارٹی کو زبردست دھچکا لگا ہے۔ راجستھان اور آسام میں بھی کانگریس کو شکست کا سامنا دیکھنا پڑا جہاں بی جے پی امیدواروں نے اکثریت سے فتح حاصل کی۔ 
 
 

 

شیئر: