مملکت میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور انجینئرز سرمایہ افتخار ہیں، حسن وزیر
جمعرات 13 اپریل 2017 3:00
ریاض (ذکاءاللہ محسن )سفارتخانہ پاکستان ریاض کے ناظم الامورحسن وزیر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی ڈاکٹر اور انجینئرز ہمارا سرمایہ افتخار ہیں۔ وہ انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے انجنئیرز جس طرح سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، وہ قابل تحسین ہے۔ پوری دنیا میں پاکستانی ہنر مند اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کی بدولت اپنی ایک الگ پہچان رکھتے ہیں۔ انھوں نے سعودی عرب میں دیگر شعبہ ہائے میں اہم کارکردگی دکھانے والوں کو بھی سراہا۔ اس موقع پر انجینئر مجید شاہ نے انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان کی کارکردگی کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 20 سال سے پاکستان کے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر کی یونیورسٹیوں کے طلبہ میں اسکالر شپ دے رہے ہیں۔ 12 اسکالر شپ سے شروع ہونے والا پروگرام اب 96 اسکالرشپ تک پہنچ چکا ہے اور اب تک 3 سو سے زائد انجنئیرز کامیاب ہو کر اپنے مستقبل کو تابناک بنا چکے ہیں۔ تقریب سے مبشر کرمانی اور جنرل سیکرٹری محمد اقبال نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں سعودی عرب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پاکستانیوں کو شیلڈ بھی دی گئی جن میں انجینئرراشد محمود بٹ، ڈاکٹر سعید وینس، چوہدری فریاد احمد، فیصل علوی، بابائے ریاض قاضی اسحاق میمن اور دیگر اہم افراد شامل تھے۔