حج پالیسی 2022: پاکستان کا کوٹہ 81 ہزار 132، درخواستیں یکم مئی سے
حج پالیسی 2022: پاکستان کا کوٹہ 81 ہزار 132، درخواستیں یکم مئی سے
جمعہ 29 اپریل 2022 16:37
وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے حج پالیسی کا اعلان کیا (فوٹو: جے یو آئی ٹوئٹر)
پاکستانی حکومت نے حج 2022 کے لیے درخواستوں کی وصولی کا اعلان کردیا ہے جو یکم سے 13 مئی تک 50 ہزار پیشگی رقم کی ادائیگی کے ساتھ دی جا سکیں گی۔
جمعے کو وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے اسلام آباد میں حج پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی تک حج اخراجات کی تفصیلات فراہم نہیں گئیں تاہم ان میں اضافہ متوقع ہے اور 7 سے 10 لاکھ روپے تک ہوسکتے ہیں۔‘
مفتی عبد الشکور کا مزید کہنا تھا کہ ’کورونا وبا کی وجہ سے زندگی کے تمام شعبے متاثرہوئے، وہیں حج کو بھی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔‘
ان کے مطابق ’2021 اور 2022 کو صرف مقامی طور پر حج کا انعقاد کیا گیا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اب جبکہ وبائی مرض سے کافی حد تک نجات مل چکی ہے اس لیے سعودی حکومت نے بین الاقوامی سطح پر حج کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔‘
’حکومت پاکستان خادم الحرمین شریفین شیخ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شیخ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کی شکرگزار ہے کہ انہوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے حج کے دروازے کھول دیے ہیں۔‘
مفتی عبدالشکور کا کہنا تھا کہ روایتی طور پر ہر سال حج کے اختتام کے ساتھ ہی اگلے حج کی تیاریوں کا آغاز ہو جاتا تھا، جس میں سب سے اہم سعودی حکومت کی جانب سے حج تعلیمات کا اعلان ہوتا تھا، جس کی بنیاد پر ممالک اپنی پالسی وضع کرتے تھے۔
’اس طرح سات سے آٹھ ماہ کا وقت مل جاتا تھا تاہم اس بار کورونا کی وجہ سے کافی تاخیر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے حج سے متعلق تیاریوں کے لیے وقت کم ہے جس میں تیاری کرنا چیلنج ہے۔‘
مفتی عبدالشکور کے مطابق ابھی تک حج اخراجات کی تفصیلات بھی فراہم نہیں گئیں، جس کے لیے حکومت انتظار کررہی ہے۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ چونکہ حج تیاریوں کے لیے 16 مئی 2022 تک کا وقت دیا گیا ہے اس لیے وزارت مذہبی امور نے فیصلہ کیا ہے کہ عید کی چھٹیوں میں وقت کے ضیاع سے بچنے کے لیے حج درخواستیں 50 ہزار کی پیشگی رقم کے ساتھ وصول کی جائیں، یہ سلسلہ یکم مئی سے 13 مئی تک جاری رہے گا۔
درخواستیں آن لائن بھی جمع کرائی جا سکتی ہیں تاہم صرف ان بینکوں میں جہاں شریعہ اکاؤنٹس موجود ہوں۔
روآں سال سعودی عرب نے حجاج کی روایتی تعداد میں کمی کرتے ہوئے تقریباً 45 فیصد یعنی 10 لاکھ افراد کا حج کوٹہ تمام مسلمانوں ممالک میں تقسیم کیا ہے جس کے مطابق پاکستان کے حصے میں 81 ہزار 132 افراد کا کوٹہ آیا ہے۔
عازمین حج کے لیے عمر کی بالائی حد 65 سال مقرر کی گئی ہے، عازمین کے لیے سفارش کردہ کورونا ویکسین اور بوسٹر ڈوز لگوانا اور روانگی سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی ہے۔