ابشر کے ذریعے پاسپورٹ کی ’نقل معلومات‘ درخواست رد ہونے پر کیا کریں؟
ابشر کے ذریعے پاسپورٹ کی ’نقل معلومات‘ درخواست رد ہونے پر کیا کریں؟
ہفتہ 7 مئی 2022 0:05
’جوازات‘ کے مرکزی سسٹم میں مقیم غیر ملکیوں کا مکمل ریکارڈ ہوتا ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں غیرملکیوں کے اقامتی دستاویزات ومعاملات جن میں اقامہ کا اجرا، تجدید، ایگزٹ ری انٹری اورفائنل ایگزٹ وغیرہ شامل ہے، محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ (جوازات) کی زیر نگرانی انجام دیے جاتے ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ کے ذیلی ادارے جوازات کے دفاتر مملکت کے تمام ریجنز اور شہروں میں قائم ہیں جبکہ تارکین کے معاملات کی بروقت انجام دہی کےلیے ڈیجیٹل ذرائع کی سہولت بھی موجود ہے۔
ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹرپردریافت کیا ’پاسپورٹ کی نقل معلومات کےلیے ابشر پرتواصل سروس کے ذریعے کارروائی کی جو منظورنہیں ہوئی بلکہ جوازات کے ادارے سے رابطہ کرنے کی ہدایت موصول ہوئی کیا کریں؟
سعودی محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کے مرکزی سسٹم میں شہریوں اور یہاں رہنے والے غیر ملکیوں کا مکمل ریکارڈ موجودہوتا ہے۔
غیر ملکیوں کے اقامہ اور پاسپورٹ کی تفصیلات جوازات کے سسٹم میں فیڈ کی جاتی ہیں۔ اقامے یا ایگزٹ ری انٹری اورفائنل ایگزٹ کے لیے کارآمد پاسپورٹ کا ہونا ضروری ہے۔
پاسپورٹ کی تجدید کے فوری بعد یہ لازمی ہے کہ نئے تجدید شدہ پاسپورٹ کی معلومات کو جوازات کے سسٹم میں فیڈ کیاجائے۔ نئے پاسپورٹ کی معلومات جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرنے کے عمل کوعربی میں ’نقل معلومات‘ کہا جاتا ہے۔
ماضی میں نقل معلومات کےلیے جوازات کے دفترجانا لازمی ہوتا تھا جو دشوار مرحلہ تھا۔ جوازات کے ابشر اکاونٹ پرنئے پاسپورٹ کی جملہ معلومات فیڈ کرنے کے عمل کو کافی آسان بنایا گیا ہے۔
جوازات کی ’ابشر‘ سروس میں موجود ’تواصل ‘ کے آپشن کو استعمال کرتے ہوئے ’نقل معلومات‘ کی خدمت حاصل کی جاسکتی ہے۔
نقل معلومات کی سروس میں عام طورپرہونے والی غلطی کے سبب جوازات کا سسٹم فائل کو مستردکردیتا ہے جس کی وجہ سے کارروائی مکمل نہیں ہوسکتی۔
پاسپورٹ کی تفصیلات جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرنے کے لیے اس امر کا خاص خیال رکھا جائے کہ پرانے پاسپورٹ ، نئے پاسپورٹ اور اقامہ کی ’پی ڈی ایف‘ فائل بنائی جائے جو 3 ایم بی سے زائد نہ ہو۔
بعض افراد کی جانب سے یہ عام طورپریہ غلطی ہوتی ہے کہ وہ پاسپورٹ کی کاپی اٹیچ کرتے وقت ایک ہی فائل نہیں بناتے بلکہ ہرکاپی کی علیحدہ سے فائل بناتے ہیں اورجس اسے اپ لوڈ کرتے ہیں تو پہلے والی فائل ڈیلیٹ ہوجاتی ہے جس کی وجہ مکمل فائل مکمل نہیں ہوتی اور سسٹم اسے رد کردیتا ہے۔
درخواست رد ہونے پر کیا کریں؟
نقل معلومات کے لیے ابشرسسٹم پردی گئی درخواست ’رد ‘ ہونے پردرخواست گزار کوچاہئے کہ وہ اپنے قریبی جوازات کے دفتر سے اپائنٹمٹ حاصل کرے اور اسے پرنٹ کرائے۔
پاسپورٹ کی نقل معلومات کےلیے مخصوص فارم پرکرنا ضروری ہے جو جوازات کی ویب سائٹ پربھی دستیاب ہوتا ہے۔ فارم کے ساتھ پرانے اورنئے پاسپورٹ اوراقامہ کی فوٹوکاپی کے ساتھ ’ابشر‘ پرموصول ہونے والے اعتراض کا پرنٹ بھی حاصل کیاجائے اور اسے درخواست فارم کے ساتھ منسلک کرکے حاصل کیے گئے وقت پرجوازات کے دفتر سے رجوع کیاجائے جہاں موجود اہلکار کو تمام اشیا فراہم کی جائیں۔
خیال رہے کہ جوازات کے قانون کےمطابق مملکت میں مقیم کارکن اپنے پاسپورٹ کی نقل معلومات اپنے اسپانسر کے ذریعے کرائیں گے جبکہ غیر ملکی کارکن اپنے اہل خانہ یا زیرکفالت افراد کے پاسپورٹ کی نقل معلومات خود کرانے کے مجاز ہوتے ہیں۔