Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد میں شوٹنگ، اداکارہ صبا قمر، بلال سعید الزامات سے بری

اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے بریت کی درخواستیں دائر کی تھیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
لاہور کی ایک مقامی عدالت نے مسجد وزیر خان میں شوٹنگ کر کے ’مسجد کا تقدس پامال کرنے‘ کے مقدمے میں اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کو الزامات سے بری کر دیا ہے۔
پیر کو ایڈیشنل سیشن جج ملک محمد مشتاق نے بریت کی درخواستیں منظور کیں۔
اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے بریت کی درخواستیں دائر کی تھیں۔
اگست 2020 میں لاہور کی قدیم مسجد وزیر خان میں شوٹنگ کر کے مسجد کی ’توہین‘ کرنے اور ’تقدس پامال‘ کرنے کے الزام میں پولیس نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
تھانہ اکبری منڈی لاہور میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق بلال سعید اور صبا قمر کے خلاف سیشن کورٹ کے حکم کے بعد دفعہ 295 پ کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔ 
سردار فرحت منظور چانڈیو ایڈووکیٹ کی درخواست پر درج کیے گئے مقدمے کے متن میں الزام لگایا گیا تھا کہ صبا قمر اور بلال سعید نے اپنے گانے ’قبول‘ کی ویڈیو میں مسجد کا ’تقدس پامال‘ کیا اور ان کے گانے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ مسجد انتظامیہ اور محکمہ اوقاف کے ملازمین کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی ایسا کام نہ کرے۔

شیئر: