Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صبا قمر کی زندگی کے آٹھ سال کس شخص نے ’ضائع‘ کر دیے؟

صبا قمر ماضی میں بھی مزاحیہ ٹی وی پروگرام کی میزبانی کر چکی ہیں (فوٹو سوشل میڈیا)
پاکستانی اداکارہ صبا قمر ماضی کی طرح ایک بار پھر مزاحیہ کردار میں سامنے آئیں تو مذاق ہی مذاق میں بڑی بڑی باتیں کہہ گئیں۔
سوشل میڈیا صارفین کے ہاتھ صبا قمر کے یوٹیوب شو ’چ شو‘ کی ویڈیو کیا لگی، صارفین نے بھی دل کھول کر ان کی گفتگو، کارکردگی اور موضوع پر تبصرے کیے۔
صبا قمر کی ویڈیو اور اس پر تبصروں کی وجہ سے وہ ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بنیں تو بہت سارے صارفین کو علم ہوا کہ اپنی محبت کی زندگی کے آٹھ برس ضائع ہونے کے شکوے کا پس منظر کیا تھا۔
صبا قمر کی نسبتاً طویل ویڈیو کے ایک حصے میں انہیں تیزی سے بولتے ہوئے سنا اور دیکھا جا سکتا ہے۔ اس حصے میں وہ بتاتی ہیں کہ کیسے ایک شخص نے ان سے آٹھ سال تک تعلق رکھا اور بعد میں انہیں احساس ہوا کہ شادی تو انہوں نے اپنے خاندان کی لڑکی کے ساتھ کرنی ہے۔
 
اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے وہ اس سماجی رویے پر بھی تنقید کرتی ہیں جو کہتا ہے کہ ’مر جانا لیکن زندگی میں جو پہلا مرد آئے ساری زندگی اسی کے ساتھ گزار دی جائے۔‘
یوٹیوب چینل کے ساتھ ڈیجیٹل میدان میں اترنے والی صبا قمر کا ’چ شو‘ اپنی نوعیت کی پہلی ویڈیو نہیں، گذشتہ چند روز کے دوران وہ اپنے یوٹیوب چینل پر ’آئسولیشن‘ کے نام سے ایک ویڈیو سمیت کل تین ویڈیوز جاری کر چکی ہیں۔
 
مختلف صارفین نے صبا قمر کی 'چ شو' نامی ویڈیو اور اس کے مواد پر تبصرے کیے تو انہیں انڈسٹری کے دیگر کرداروں سے مختلف پانے کے خیال کا اعتراف کیا۔ میڈیا سے وابستہ زیب النسا برکی نے لکھا ’ٹیلنٹڈ اور غیر معذرت خواہانہ‘۔ 
 

اکمل وسیم نے صبا قمر کی بیان کردہ صورتحال پر تبصرہ کیا تو لکھا کہ ’وہ جس کیفیت سے گزری ہیں عموماً یہ لوگوں کو توڑ پھوڑ دیتی ہے، بہت کم اس جہنم سے باہر آ پاتے ہیں‘۔

اسامہ نامی صارف نے صبا قمر کے بیان کردہ واقعے سے متعلق گفتگو میں شرکت کی تو ان کے انداز اور طنزیہ لہجے کا ذکر کیا۔
 

سٹار ڈسٹ نامی صارف ویڈیو پر تبصرے کے ساتھ سامنے آئیں تو لکھا کہ ’شاہد آفریدی کو بھول جائیں، صدر کے لیے صبا قمر‘۔ ایک اور صارف نے انہیں یاد دلایا کہ وزارت عظمٰی کے منصب میں زیادہ طاقت ہوتی ہے۔ صبا قمر کو وزیراعظم ہونا چاہیے تو سٹارڈسٹ نے سابقہ مؤقف کے دفاع میں لکھا کہ ’وزیراعظم کی پوسٹ کو بد دعا لگتی ہے۔ صدارت بہتر آپشن ہے۔‘
 

صارفین کی جانب سے صبا قمر کے منتخب کردہ موضوع پر گفتگو اور تبصروں کے دوران ان کے ’چ شو‘ کی مکمل ویڈیو کے لنکس شیئر کرتے ہوئے دوسروں کو اسے دیکھنے کی دعوت دی جاتی رہے۔
 
36 سالہ پاکستانی اداکارہ صبا قمر ماڈلنگ سمیت اپنی اداکاری کی بنیاد پر متعدد اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں۔ 'ہندی میڈیم' میں عرفان خان کے ساتھ کردار ادا کرنے والی صبا قمر بالی وڈ فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: