کچی آبادیوں کے شہری فرضی ویب سائٹس سے ہوشیار
حکام کے مطابق فرضی ویب سائٹ کے ساتھ کوئی معاملہ نہ کیا جائے۔ (فوٹو عکاظ)
سعودی وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور نے کچی آبادیوں میں مکانات اور تجارتی مراکز کے مالکان کو معاوضے کی درخواستیں وصول کرنے والے فرضی اداروں اور ویب سائٹس سے خبردار کیا ہے۔
واضح رہے کہ بعض فرضی ادارے مقامی شہریوں کو کچی بستیوں میں واقع ان کے مکانات اور دکانوں وغیرہ کے معاوضے دلوانے کا جھانسہ دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے وہ درخواستیں وصول کر رہے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت بلدیات نے بیان میں کہا کہ ’انسٹا گرام اور دیگر ویب سائٹس پر ایک فرضی اکاؤنٹ ریکارڈ پر آیا ہے جس پر جدہ کی کچی بستیوں کے باشندوں سے معاوضے کی درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔ رابطہ نمبر بھی دیا جا رہا ہے جس پر مقامی شہریوں کو نجی کوائف اور املاک کی دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔ کوئی بھی شہری اس قسم کی ویب سائٹ یا فرضی ادارے کے جھانسے میں نہ آئے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’کچی بستیوں کے ان تمام شہریوں کے حقوق اور مفادات کا تحفظ عزیز ہیں جن کے مکانات یا دکانیں یا پلاٹس وہاں واقع ہیں۔ کوئی بھی شہری انٹرنیٹ پر کسی بھی فرضی ویب سائٹ کے ساتھ کسی بھی قسم کا کوئی معاملہ نہ کرے۔ نجی کوائف اوردستاویز اپ لوڈ نہ کیے جائیں۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ سرکاری ویب سائٹ http://www.momrah.gov.sa کے سوا کسی بھی لنک پر کوئی بھی شہری نجی معلومات یا املاک سے متعلق دستاویزات اپ لوڈ کرنے سے گریز کرے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’معاوضے کی کارروائی مقررہ طریقہ کار کے مطابق ہو رہی ہے۔ جدہ میونسپلٹی اس حوالے سے وضاحتی بیان دے چکی ہے۔ درخواستیں جدہ میونسپلٹی ای گیٹ پر دی جائیں اس کے سوا کسی بھی ادارے سے رجوع نہ کیا جائے۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں