Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

والدہ کو قتل کرنے والے امریکی پر فرد جرم

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ناتھن کارمین کو منگل کو گرفتار کیا گیا (فوٹو: نائین نیوز)
ایک امریکی شہری پر خاندان کی جائیداد ہتھیانے کے لیے اپنی والدہ کو سمندر میں قتل کرنے کے مقدمے میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ورمونٹ کے 28 سالہ رہائشی ناتھن کارمین نے 2016 میں اپنی ماں لندا کارمین کو اس وقت قتل کر کے سمندر میں پھینک دیا تھا جب وہ دونوں ملک کے شمال مشرقی علاقے میں واقع ایک جزیزے پر ماہی گیری کے ایک ’ٹرپ‘ پر تھے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ناتھن کارمین کو منگل کو گرفتار کیا گیا اور اس پر چھ الزامات میں فرد جرم عائد کی گئی۔
پراسیکیوٹرز کے ایک اور بیان کے مطابق کارمین نے اس سے قبل 2013 میں اپنے داد جان چکالوس کو ونڈسر میں واقع ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔
نئی فرد جرم میں کارمین پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے پیسہ اور دیگر جائیداد حاصل کرنے کے لیے اپنے دو رشتہ داروں کو قتل کیا ہے۔
پراسکیوٹرز کو معلوم ہوا ہے کہ کارمین نے اس کمپنی کو بھی دھوکہ دینے کی کوشش کی ہے جس سے اس نے اپنی کشتی کی انشورنس کرا رکھی ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کارمین اپنی والدہ کے ساتھ مچھلی پکڑنے کے ’ٹرپ‘ کے  آٹھ دن بعد اکیلا پایا گیا تھا جبکہ اس کی والدہ کی لاش نہیں مل سکی۔
کارمین کو بدھ کو ورمونٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ قتل کا الزام ثابت ہونے پر کارمین کو لازمی طور پر عمر قید کا سامنا کرنا ہو گا۔ جبکہ دھوکہ دہی کے الزامات میں سے ہر ایک میں اسے 30 برس تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

شیئر: