غیر ملکی کارکن کی میت روانہ کرنے کے لیے فائنل ایگزٹ کیسے لگایا جائے؟
غیر ملکی کارکن کی میت روانہ کرنے کے لیے فائنل ایگزٹ کیسے لگایا جائے؟
جمعہ 13 مئی 2022 0:02
۔ کارکن کے فائنل ایگزٹ جانے پرہی جوازات میں فائل کلوز کی جاتی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
مملکت میں محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ جسے عربی میں جوازات کہتے ہیں میں غیر ملکی کارکنوں کے رہائشی پرمٹ اور ایگزٹ ری انٹری اورفائنل ایگزٹ ویزے کی تمام کارروائی کی جاتی ہے۔
جوازات میں غیر ملکی کارکنوں کا ڈیٹا محفوظ رکھا جاتا ہے۔ کارکن کے فائنل ایگزٹ جانے پرہی جوازات میں فائل کلوز کی جاتی ہے۔
ماضی میں جوازات کی جانب سے اقامہ کارڈ کی صورت میں نہیں بنایا جاتا۔ جب سے جوازات اور دیگر سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل خدمات کا آغاز ہوا ہے تمام معاملات آسان ہوگئے ہیں جس سے نہ صرف سعودی شہریوں بلکہ غیر ملکیوں کو بھی کافی سہولت حاصل ہوئی ہے۔
ایک شخص نے ٹوئٹرپردریافت کیا ’ جوازات کے سسٹم میں متوفی غیرملکی کارکن کی فائل بند کرنے اورمیت اسکے ملک روانہ کرنے کےلیے فائنل ایگزٹ کس طرح حاصل کیاجاسکتا ہے؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ سعودی محکمہ سول افیئرز (احوال المدنیہ) میں متوفی کارکن کے بارے میں اطلاع دی جائے جہاں سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے۔
ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرانے کےلیے پولیس رپورٹ کا ہونا ضروری ہے جس کے بعد متوفی کارکن کے لواحقین کی جانب سے جاری کیاجانے والا مصدقہ این او سی جسے کارکن کے سفارتخانے اور گورنریٹ آفس کی جانب سے منظور کیا گیا ہو، کے ساتھ جوازات کے دفتر میں کفیل کے ذریعے جمع کرایا جائے۔
غیر ملکی کارکن کی موت کی صورت میں کفیل کے ذمہ ہوتا ہے کہ وہ جوازات کو اس بارے میں مطلع کرے۔ (فوٹو:ٹوئٹر)
مذکورہ بالا کارروائی کے لیے میت کو ملک میں منتقل کرنے کے اخراجات کے حوالے سے بیمہ دستاویزات بھی فراہم کرنا ضروری ہیں جس میں میت لے جانے کے اخراجات کی وضاحت کی گئی ہوتی ہے جس کے بعد ہی جوازات میں متوفی کارکن کی فائل ہمیشہ کے لیے بند کردی جائے گی۔
خیال رہے غیر ملکی کارکن کی موت کی صورت میں کفیل کے ذمہ ہوتا ہے کہ وہ جوازات کو اس بارے میں مطلع کرے تاکہ فائل کلوز کی جاسکے۔ جب تک جوازات میں کارکن کی فائل بند نہیں ہوتی اقامہ کی فیس کا سسٹم جاری رہتا ہے اس لیے متوفی کارکن کے بارے میں بروقت اطلاع دینے سے فائل کلوز کرنے کے بعد اقامہ اور لیبر کارڈ کی فیس روک دی جاتی ہے۔
جوازات سے ایک شخص نے دریافت کیا ’اقامہ میں کارکن کی فوٹو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے کارروائی ابشر کے ذریعے ممکن ہوسکتی ہے؟‘
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ اقامہ میں غیر ملکی کارکن کی فوٹو تبدیل کرنے کے لیے لازمی ہے کہ اس کے پاسپورٹ میں نئی فوٹو لگی ہو۔
پاسپورٹ میں فوٹو تبدیل ہونے اورکارکن کے چہرے میں عملی طور پر نمایاں تبدیلی ہونے پر نئی فوٹو اقامہ میں بھی تبدیل کرائی جاسکتی ہے۔
جوازات کا کہنا ہے کہ اقامہ میں غیر ملکی کارکن کی فوٹو تبدیل کرنے کے لیے لازمی ہے کہ اس کے پاسپورٹ میں نئی فوٹو لگی ہو۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
اقامہ میں تصویر تبدیل کرانے کےلیے ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے جوازات سے اپائنٹمنٹ حاصل کی جائے وقت مقررہ پرجوازات کے دفترمیں کارکن کا وہ پاسپورٹ فراہم کیا جائے جس پرتصویر تبدیل کی گئی ہے۔ ساتھ ہی پرانا کینسل شدہ پاسپورٹ بھی پیش کیاجائے گا۔
واضح رہے جوازات کے کسی دفترمیں کارکن اپنے اقامہ یا دیگرذاتی معاملات کی انجام دہی کےلیے براہ راست رجوع کرنے کا اہل نہیں اس کےلیے اسپانسریا اسکی جانب سے مقررکردہ نمائندہ ہی جوازات کے دفترسے رجوع کرسکتا ہے۔ البتہ کارکن اپنے اہل خانہ جو اسکی زیرکفالت ہوتے ہیں کے معاملات انجام دینے کے لیے جوازات سے رجوع کرسکتا ہے