ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کنگ کپ فائنل کے مہمان خصوصی ہوں گے
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کنگ کپ فائنل کے مہمان خصوصی ہوں گے
اتوار 15 مئی 2022 15:52
فائنل میچ جدہ کے کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی سٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ فوٹو سعودی گزٹ
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 19 مئی جمعرات کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے الہلال کلب اور الفیحا کلب کے درمیان ہونے والی کنگ کپ فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں مہمان خصوصی ہوں گے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جدہ کے کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میچ کی فاتح ٹیم کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان وننگ ٹرافی دیں گے۔
سعودی عرب میں کھیلوں کے وزیر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے فٹبال ٹورنامنٹ کی سرپرستی کرنے پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا دلی طور پرشکریہ ادا کیا ہے اور فائنل میچ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مخلصانہ شرکت اوراعزاز بخشنے پر انتہائی تعریفی کلمات کا اظہار کیا ہے۔
وزیر کھیل نے مزید کہا ہےکہ سعودی قیادت کی کھیلوں اور کھلاڑیوں میں دلچسپی اور کھیل کے شعبے کی حمایت اور اسے بااختیار بنانے کے لیے ان کی مستقل خواہش کی عکاس ہے۔
کھیلوں کی سرگرمیوں میں فروغ سعودی وژن 2030 مملکت کی جانب سے شروع ہونے والے جامع پروگراموں اور اقدامات کے نفاذ کے ذریعے امید افزا مستقبل کی طرف ایک قدم ہے۔
وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔