کامیڈی کی بھی ایک حد ہے، پار ہو تو بری لگتی ہے: دانش نواز
منگل 17 مئی 2022 6:27
عنبرین تبسم، لاہور
پاکستان کے مشہور کامیڈین اور ہدایتکار دانش نواز آج کل ٹی وی سکرین پر کم نظر آتے ہیں لیکن ان کی ہدایتکاری میں بننے والے ڈراموں کو ناظرین خاصا پسند کرتے ہیں۔ حال ہی میں رمضان کے مہینے میں ان کا کامیڈی ڈرامہ ’ہم تم‘ نشر ہوا جبکہ اس سے پہلے ’چپکے چپکے‘ اور ’سنو چندا‘ کو بھی کافی پذیرائی ملی تھی۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے دانش نواز نے کہا کہ ’کامیڈی ایک مزاج ہے اور مزاج سب کے الگ الگ ہوتے ہیں۔ آپ کو کسی بات پہ اور کسی دوسرے کو کسی اور بات پر ہنسی آتی ہے اس لیے مختلف مزاج کے ایک گروپ کو ہنسانا آسان نہیں ہوتا۔‘
کامیڈی ڈراموں کے معیار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’کامیڈی کی بھی ایک حد ہوتی ہے اگر اس حد کو پار کر جائیں یا اس کے نیچے چلے جائیں تو بری لگتی ہے۔ ہمارے یہاں کامیڈی لکھنے والے کم ہیں۔‘
ماضی کے بہترین ڈراموں کا حوالہ دیتے ہوئے دانش نواز نے کہا کہ ’اَن کہی ،آنگن ٹیڑھا، دھوپ کنارے سنجیدہ موضوع پر مبنی ڈرامے تھے لیکن ان کی کہانیوں کی بُنت ایسی تھی اور اس طرح کے کردار ڈالے جاتے تھے کہ دیکھنے والوں کو بے ساختہ ہنسی آتی تھی۔‘
دانش نواز کے بقول ماضی کے ڈراموں میں نفرت نہیں دکھائی جاتی تھی کسی کو ناپسند ضرور کیا جاتا تھا لیکن اب ہمارے یہاں بننے والے ڈراموں کی کہانیاں سازشی ہوتی ہیں۔‘
وہ سمجھتے ہیں کہ ’جب تک ہم کسی کی کاپی نہ کریں ہم کامیاب رہتے ہیں۔ اب جیسے ہمارے ڈرامے بہت اچھے ہیں جب ہم نے انڈیا کے ڈراموں کی نقل کی تو بہت زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔‘
اس سوال کے جواب میں کہ انہیں اداکاری کرنا زیادہ پسند ہے یا ہدایتکاری، دانش نواز نے بتایا کہ مجھے ایکٹر سے زیادہ ڈائریکٹر کہلوانا اچھا لگتا ہے اداکاری تب کرتا ہوں جب ڈائریکشن سے بور ہو جاتا ہوں۔‘
انہوں نے بتایا کہ وہ اداکاری کے پیچھے زیادہ نہیں بھاگتے بلکہ ہدایتکاری کرنے میں انہیں زیادہ لطف آتا ہے۔ ’اداکاری کے لیے خود کو بہت زیادہ فٹ رکھنا پڑتا ہے جبکہ ڈائریکشن میں ایسا کچھ نہیں کرنا پڑتا۔‘
رمضان کے مہینے میں کامیڈی ڈراموں کے نئے ٹرینڈ پر بات کرتے ہوئے دانش نواز نے کہا کہ لوگ یہ ڈرامے اس لیے دیکھنا پسند کرتے ہیں کیونکہ انہیں دیکھ کر میں پی ٹی وی کے پرانے ڈراموں کا احساس ہوتا ہے۔
میں نے ’ہم تم‘ سے پہلے رمضان سیریل ’چپکے چپکے‘ اور ’سنو چندا‘ کیا تھا۔ میں جنون اور خوشی سے کام کرتا ہوں میرا ماننا ہے کہ ہم صرف کوشش کر سکتے ہیں کامیابی اور ناکامی اللہ کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔‘
کیا مستقبل میں کوئی فلم بنانے کا بھی ارادہ ہے، اس سوال کے جواب میں دانش نواز کا کہنا تھا کہ ’جب تک کوئی سٹوری دماغ کو ہٹ نہیں کرے گی تب تک فلم نہیں بناﺅں گا۔‘