Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کلّو‘ کا کردار معاشرے کے منہ پر تھپڑ تھا: ماریہ واسطی 

اداکارہ ماریہ واسطی کا شمار پاکستان کی ان منجھی ہوئی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے ایک عرصے تک پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری پر راج کیا اور اب بھی جب وہ سکرین پر آتی ہیں تو چھا جاتی ہیں۔ 
آج کل وہ ڈرامہ ’دلِ زار زار‘ میں جاندار کردار میں نظر آ رہی ہیں۔ اردو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے اپنے اس کردار کے حوالے سے بتایا کہ ’آج کل جس طرح کے ڈرامے بن رہے ہیں میری کوشش ہوتی ہے کہ ایسا کردار ہو جو پہلے نہ کیا ہو یا جس میں پرفارمنس دکھانے کا مارجن ہو۔‘
ماریہ واسطی نے کہا کہ ’یہ ایک ایسا کردار ہے جو لوگوں کو جوڑ رہا ہے۔ اگرچہ اسے کچھ شکوے بھی ہیں کیونکہ اس نے اپنے بہن بھائیوں کے لیے قربانی دی ہے لیکن بعد میں وہ اپنی زندگیوں میں مصروف ہو جاتے ہیں اور اس کی قربانی کو بھول جاتے ہیں۔ دوسرا یہ کہ وہ جو کہنا چاہتی ہے وہ کہہ دیتی ہے اور وہ رشتوں کو بنا کر رکھنے والی ہے۔‘
ماریہ کے بقول وہ  خود کو بہت خوش نصیب سمجھتی ہیں کہ انہیں کیریئر کے آغاز میں بہت شاندار لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ اپنے مشہور ڈرامے ’کلّو‘ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’میرا ہٹ ڈرامہ کلّو بہت مختلف تھا جو اس معاشرے کے چہرے پر تھپڑ تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم وہ اداکار ہیں جو حقیقی زندگی پر مبنی اداکاری پر یقین رکھتے ہیں۔ یعنی اگر کوئی لڑکی جھونپڑی سے نکل رہی ہے اجڑی ہوئی ہے تو وہ ایسی ہی لگنی چاہیے۔‘

ماریہ کے بقول وہ  خود کو بہت خوش نصیب سمجھتی ہیں کہ انہیں کیریئر کے آغاز میں بہت شاندار لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا (فوٹو: انسٹاگرام)

آج کل بننے والے ڈراموں پر تبصرہ کرتے ہوئے ماریہ واسطی نے کہا کہ ’ہمارے ڈراموں کی زیادہ تر کہانیاں لڑکا لڑکی کی محبت میں پھنس کر رہ گئی ہیں۔ میں نے جس دور میں کام کیا اس میں کردار اہم ہوتے تھے۔‘
ان کے بقول ’یہ جو کہا جاتا ہے کہ کیونکہ ناظرین یہ دیکھنا چاہتے ہیں اس لیے ہم یہ دکھا رہے ہیں۔ اسی وجہ سے کوئی نئی چیز نہیں بن رہی۔ یہی وجہ ہے کہ کوئی تجرباتی منفرد کام نہیں ہو رہا۔‘
ماریہ سمجھتی ہیں کہ ’ڈراموں میں جو دکھایا جاتا ہے وہ سوسائٹی کا آئینہ ہوتا ہے تو اگر کسی کو دکھائی جانے والی چیز چُبھ رہی ہے تو غور کریں اورسمجھیں کہ یہ ان کی سوسائٹی کی ہی خامیاں ہیں۔‘
اپنے نئے پراجیکٹ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’حال ہی میں یاسرا رضوری کی ڈائریکشن میں بننے والے سیریل کی شوٹنگ ختم کی ہے۔ اس میں میرا کردار بہت ہی الگ ہے، دیکھتے ہیں لوگ اس کو ہضم کر پاتے ہیں یا نہیں۔ ‘

شیئر: