Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاحت کے شعبے میں امریکہ سے ڈبل گریجویشن کرنے والی پہلی سعودی خاتون

اب تو اس شعبے میں پچاس سے زیادہ سعودی طالبات آگئی ہیں۔  (فوٹو عاجل)
سعودی طالبہ شروق قنبوع نے فلوریڈا یونیورسٹی سے ٹورازم مینجمنٹ اور ریستوران مینجمنٹ میں ڈبل گریجویشن کرکے سیاحت کے شعبے میں پہلی سعودی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
السعودیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شروق قنبوع نے کہا کہ ’فلوریڈا یونیورسٹی سے بیک وقت دو ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ سیاحت کے شعبے سے بڑی دلچسپی تھی۔ خواب تھا کہ  دنیا کے سب سے بڑے شعبے کے بارے میں مہارت حاصل کروں۔ خواب پورا ہوا تو بہت اچھا لگا۔‘ 
شروق قنبوع  نے کہا کہ ڈبل  گریجویشن کے لیے دن رات محنت کے تجربے نے مجھے بہت کچھ سکھایا۔ ابتدا 2015 میں اس وقت ہوئی تھی جب انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کورس کررہی تھی۔ پہلی ٹرم کے بعد ٹورازم مینجمنٹ اور ریستوران مینجمنٹ کی طرف چلی گئی۔ 
شروق قنبوع نے بتایا کہ ’انفارمیشن ٹیکنالوجی چھوڑ کر ٹورازم کی تعلیم کا سلسلہ شروع کیا تو ڈری ہوئی تھی۔ مجھے خوف تھا کہ وہ لوگ جو میری مدد کررہے ہیں اور میرے گھر والے جو میری خواہش کے پیش نظر خاموش ہیں، کہیں خفا نہ ہوجائیں۔ میں سعودی عرب کی واحد طالبہ تھی جس نے سیاحت کا شعبہ اختیار کیا تھا۔ اب تو اس شعبے میں پچاس سے زیادہ سعودی طالبات آ گئی ہیں۔‘ 
شروق قنبوع نے کہا کہ فلوریڈا یونیورسٹی کے ذمے داران کی نظریں سعودی عرب پر جمی تھیں۔ وہ عجیب وغریب دور تھا۔ سعودی عرب سیاحت کے فروغ کے لیے مہم چلا رہا تھا۔ بعض لوگ اس حوالے سے مملکت کے  خلاف منفی باتیں کر رہے تھے۔ مملکت اور سیاحت میں تضاد کا تاثر دینے کی کوشش کررہے تھے لیکن اب صورتحال تبدیل ہو چکی ہے۔ مملکت کا نیا منظر نامہ ثابت کررہا ہے کہ یہاں سیاحت کے حوالے سے بہت کچھ ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

 

 

شیئر: