سعودی شہری عبداللطیف جرفان نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ابہا الخمیس روڈ پر چائے فروخت کررہا ہے۔ ویڈیو میں نوجوان امریکہ سے امتیازی پوزیشن کے ساتھ انفارمیشن سسٹم میں ماسٹرز کی ڈگری بھی دکھا رہا ہے۔
صارفین نے اس ویڈیو پر حیرانگی، افسوس اور دکھ کا ا ظہار کرتے ہوئے وزارت محنت و سماجی بہبود سے اس ویڈیو کا نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔
وزارت افرادی قوت نے سعودی نوجوان سے کہا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں اسناد لے کر وزارت پہنچ جائے۔ اس کے لیے ملازمت کا بندوبست کیا جائے گا۔
دریں اثنا الریاض بینک نے عبداللطیف جرفان سے کہا ہے کہ ہمارے یہاں ملازمت پکی ہے۔ بینک نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر بیان میں کہا کہ 'ہم ایسے سعودی لڑکوں اور لڑکیوں کے متلاشی ہیں جو اچھے اچھے خواب دیکھتے ہیں اور عزم و ارادے کے مالک ہیں۔'
بیان میں کہا گیا کہ 'عبداللطیف جیسے باعزم نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں۔ جلد ہی انٹرویو کا وقت طے کرکے معاملات طے کرلیے جائیں گے۔'