Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شدید گرمی، وفاقی بورڈ نے میٹرک کے امتحانات کا وقت تبدیل کر دیا

فیڈرل بورڈ کے زیراہتمام میٹرک کے امتحانات شروع ہو چکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں معمول سے کہیں زیادہ گرمی کی وجہ سے وفاقی تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے امتحانات کا وقت تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے بدھ کو جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق کیا گیا ہے۔
وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری مراسلے میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ فیصلے کا اطلاق صرف اسلام آباد کی حدود میں ہو گا، پاکستان بھر میں فیڈرل بورڈ سے ملحق ادارے نئے اوقات کی پابندی کریں گے یا بیرون ملک تعلیمی ادارے بھی ایسا ہی کریں گے۔
فیڈرل بورڈ کے زیرانتظام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں ماتحت تعلیمی اداروں میں چند روز قبل میٹرک کے امتحانات کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔
تعلیمی بورڈ کے مراسلے کے مطابق ’شدید گرم موسم کے باعث میٹرک کے سالانہ امتحانات 2022 کے پرچہ جات جو مقررہ وقت صبح نو تا 12 بجے ہونا تھے، اب 23 مئی پیر سے صبح آٹھ تا 11 بجے کر دیے گئے ہیں۔‘
بورڈ کی جانب سے میٹرک کے طلبہ و طالبات کو کہا گیا ہے کہ وہ ’اپنی رول نمبر سلپ وفاقی تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر لیں۔‘

فیڈرل بورڈ سے ملحق تمام اداروں، اساتذہ کرام اور طلبہ و طالبات کے لیے مراسلہ کنٹرولر امتحانات کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں شروع ہونے والے میٹرک امتحانات کے بعد امتحانی مراکز میں شدید گرمی اور بجلی نہ ہونے سے متعلق شکایات سامنے آئی ہیں۔
فیڈرل بورڈ کے اعلان پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ کچھ ٹویپس نے بورڈ کو مخاطب کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ وقت نہیں بدلنا چاہیے اس سے بیرون ملک رہنے والے سٹوڈنٹس متاثر ہو سکتے ہیں۔ پاکستان میں آٹھ بجے پرچہ شروع ہوا تو متحدہ عرب امارات میں سات اور سعودی عرب میں چھ بجے شروع ہو گا۔

وبائی صورتحال کے باعث دو برس تک متاثر رہنے والے میٹرک کے امتحانات ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب پاکستان معمول سے سات تا نو ڈگری زیادہ گرمی کا سامنا کر رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال کے باعث گھروں سے باہر نکلنے سے احتراز کریں، ایسا کرنا ضروری ہو تو سر ڈھانپے رکھیں اور پانی زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

شیئر: