Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلپائن کے لیے شاہ سلمان مرکز کی جانب سے امدادی مہم 

اس موقع پر فلپائن کے نائب وزیر خارجہ ودیگراعلی عہدیدار بھی موجود تھے(فوٹو، ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر امدادی مرکز نے جمعرات کو 32 لاکھ ڈالر مالیت کے طبی لوازمات  اور امدادی سامان فلپائن کے حوالے کردیا۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے  امداد و انسانی خدمات کو ہدایت کی گئی تھی کہ فلپائن کی وزارت صحت کو 15 لاکھ ڈالر مالیت کی امداد فراہم کی جائے۔
یہ امداد حالیہ ایام کے دوران فلپائن میں آنے والے طوفان سے متاثرین  کے مسائل حل کرنے کے لیے دی جارہی ہے۔ مراوی شہر میں ہنگامی صحت مسائل کے حل میں مدد گار ثابت ہوگی۔ 
شاہ سلمان مرکز نے فلپائن کو کووڈ وبا  سے نمٹنے کے لیے مزید  17 لاکھ ڈالر مالیت کا طبی سازوسامان فراہم کیا ہے۔ 
شاہ سلمان مرکز کے ماتحت ماحولیاتی و صحت امداد کے ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبداللہ  المعلم نے فلپائن میں متعین سعودی سفیر ہشام القحطانی  کی موجودگی میں فلپائنی حکام کو مالی امداد اور امدادی سامان حوالے کیا۔
اس موقع پر فلپائن کے نائب وزیر خارجہ اور ملک کے متعدد اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس حوالے سے فلپائن کے دفتر خارجہ منیلا میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی تھی۔  
فلپائن نے طوفان سے پیدا ہونے والے مسائل  سے نمٹنے اور کووڈ بحران پر قابو پانے کے لیے دی جانے والی مالی امداد اور سامان فراہم کرنے پر شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کا شکریہ ادا کیا۔ 

شیئر: