شاہ سلمان مرکز کی جانب سے افغانستان، اردن اورسوڈان کےلیے امدادی سامان
شاہ سلمان مرکز کی جانب سے افغانستان، اردن اورسوڈان کےلیے امدادی سامان
ہفتہ 22 جنوری 2022 21:56
کابل کے 3 سو سے زائد خاندان میں امدادی اشیا تقسیم کی گئیں(فوٹو، ایس پی اے)
شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے افغانستان، سوڈان اور اردن میں ضرورت مندوں کے لیے امدادی اشیا ارسال کرنے کاسلسلہ جاری ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے دنیا کے بیشترممالک کے ضرورتمندوں کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔
مرکز کی جانب سے برادر ملک افغانستان کے عوام کے لیے موسم سرما کے لیے 18 ٹن اور900 کلوگرام امدادی اشیا ارسال کی گئیں جن میں خورونوش کے علاوہ دیگر ضروریات زندگی کی چیزیں شامل تھیں۔
افغان عوام کو بھیجی جانے والی 18 ٹن سے زائد امدادی سامان میں 300 غذائی اجناس پرمشتمل پیکٹس ، 600 آٹے کی بوریاں اور 300 کمبل شامل تھے۔
امدادی اشیا افغانستان کے دارلحکومت کابل کے علاقے قلعہ فتح اللہ میں 300 سے زائد خاندانوں میں تقسیم کی گئیں۔
دوسری جانب امدادی مرکز کے تحت اردن میں شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے کمبل ، گرم کپڑےاور دیگر اشیا تقسیم کی گئیں۔
اردن بھیجی جانے والی اشیا میں 4 ہزار 420 موسم سرما میں استعمال ہونے والی اشیا اور 8840 کمبل شامل تھے جو 4 ہزار 420 خاندانوں میں تقسیم کیے گئے۔
امدادی مرکز کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پرسوڈان میں سیلاب متاثرین کے لیے 12 ٹن 250 کلوگرام امدادی سامان ارسال کیا گیا جن سے 2 ہزار 100 افراد مستفیض ہوئے