ایک ہفتے میں ایک ہزار 618 مریضوں کا علاج کیا گیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمنی وزارت صحت کے دفاتر کو قومی ڈرگ سپلائی پروگرام کے تعاون سے دوائیں فراہم کی ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یمن کے حجتہ گورنریٹ میں الجادہ ہیلتھ سینٹر کے آؤٹ لیٹس نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی سپورٹ سے ایک ہفتے میں ایک ہزار 618 مریضوں کا علاج کیا ہے۔
ان میں وبائی امراض، ہنگامی حالات، بچوں کی صحت، تولیدی صحت، غذائی علاج، امیونائزیشن، آگاہی اور تعلیم، سرجری اورسرجیکل ڈریسنگ کے کلینک شامل تھے۔
یہ خدمات یمن میں صحت کے شعبے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے مملکت کی کوششوں کے حصے کے طور پر آتی ہیں جن کی نمائندگی شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کرتا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے حال ہی میں یمن کے الجوف گورنریٹ میں بے گھر اور ضرورت مند خاندانوں میں تقریباً 151 ٹن وزنی فوڈ باسکٹ تقسیم کیں جس سےچار ہزار 227 افراد مستفید ہوئے۔
یہ کوشش سعودی فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ کے ایک حصے کے طور پر سامنے آئی ہے جس کا مقصد یمن کے 15 گورنریٹس میں ضرورت مند اور متاثرہ خاندانوں میں ایک لاکھ 92 ہزار فوڈ باسکٹ تقسیم کرنا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 77 ممالک میں مختلف قسم کے 1814 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.5 بلین ڈالرکی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 368 ملین ڈالر، شام میں 322 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 209 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔