حج اور عمرہ سیزن میں تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کےلیے ڈائیلاگ سیشن
سیشن میں حج اور عمرہ کے شعبے کو درپیش چیلنجز پر غور کیا گیا(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب نے اس ہفتے ورچوئل ڈائیلاگ کے دو روزہ سیشن کی میزبانی کی جس کا مقصد ’حج اور عمرہ کے سیزن میں تخلیقی صلاحیتوں اور جدت کو فروغ دینا تھا۔‘
عرب نیوز کے مطابق ورچوئل ڈائیلاگ کے دو روزہ سیشن میں حج اور عمرہ کے شعبے کو درپیش چیلنجز، اس شعبے میں پیش رفت کے خیالات اور اس شعبے میں جدت کو فروغ دینے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔
سعودی وزارت حج و عمرہ میں حج و عمرہ خدمات کے ترجمان اور انڈر سیکرٹری ہشام سعید نے کہا کہ تخلیقی صلاحیتیں اور انویشن سعودی وژن 2030 کے اہم ستون ہیں۔
انہوں نے کہا ’ ہم حج اور عمرہ کے شعبے میں تخلیقی اور انویشن کام کے نظام کی بدولت زائر کو اس کے سفر کے دوران متاثر کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔‘
حج سمارٹ کارڈ پروجیکٹ کے ترجمان محمد ساعاتی نے کہا ’اگر ہم اختراع کرنا چاہتے ہیں تو ہمارے پاس ایک توانا وژن ہونا چاہیے جس کی بنیاد بہترین اور معیار پر ہو۔‘
سعودی وزارت حج و عمرہ کو امید ہے کہ مملکت میں تمام عازمین کے سفر میں حج سمارٹ کارڈ کو ایک کلیدی ذریعہ بنایا جائے گا۔
ام القرا یونیورسٹی میں انٹرپرینیورشپ کے ایسوسی ایٹ پروفیسراور بزنس ایڈمنسٹریشن کے سربراہ ڈاکٹر نعیم البیحانی نے کہا ’بہترین خیالات ایک حوصلہ افزا ثقافت اور ماحول میں پیدا ہوتے ہیں۔ انویشن صرف تکنیکوں اور نظاموں کے بارے میں نہیں ہے یہ تمام شعبوں میں افراد اور اداروں کے لیے زندگی گزارنے کا ایک طریقہ ہے۔‘
کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں صنعتی شراکت داری کے سربراہ سامی سرحان نے کہا کہ عازمین حج کی مملکت میں آمد سے لے کر ان کی بحفاظت وطن واپسی تک انہیں فراہم کی جانے والی خدمات کو ترقی دینا بہت ضروری ہے۔