وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خونی مارچ نہیں ہونے دیں گے ہر آئینی طریقہ اپنائیں گے اور لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے مشاورت کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد ایک بیان اور مقامی میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’الیکشن کرانے کا اختیار اب ہمارا ہے، جو مرضی کرلیں الیکشن تب ہوگا جب ہم چاہیں گے۔‘
’عمران خان جب وزیراعظم تھے تب اسمبلی تحلیل کر کے الیکشن کیوں نہیں کرائے۔ عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو اس کے بعد کہا اسمبلی تحلیل کرتا ہوں، عمران خان کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے، الیکشن کرانے کا آئینی اختیار اب ہمارا ہے، ہم جب چاہیں گے تب الیکشن کرائیں گے۔‘
مزید پڑھیں
-
عمران خان کا 25 مئی کو لانگ مارچ کا اعلان، ’فوج نیوٹرل رہے‘Node ID: 670771
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ پہلے بھی 126 دن بیٹھے تھے کیا لے کر گئے تھے، یہ اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے لانگ مارچ کر رہے ہیں، شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر اقدام کیا جائے گا۔‘
اسلام آباد میں فوج تعینات کرنے سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ’اس پر مشاورت کریں گے، ہر وہ اقدام اٹھایا جائے گا جس سے عوام کو ان کے شر سے بچایا جائے۔‘
’انہوں نے خونی مارچ کا اعلان کیا ہوا ہے۔ یہ ملک میں افراتفری اور انارکی پھیلانا چاہتے ہیں، یہ وہ جتھا ہے جو غنڈا گردی اور ملک میں انتشار پھیلانے آ رہا ہے، یہ ایک ٹانگ پر آئیں یا دو ٹانگوں پر آئیں، لیکن الیکشن تب ہوں گے جب ہم چاہیں گے۔ یہ پرامن احتجاج نہیں ہے، انہوں نے خود کہا یہ خونی مارچ ہے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پرامن احتجاج سب کا حق ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اتوار کو ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’جب بھی ملک ترقی کی طرف بڑھنے لگتا ہے، فتنہ خان اپنا جتھہ لے کر پاکستان پر حملہ آور ہو جاتا ہے۔ 22 کڑوڑ عوام کی تقدیر کے فیصلے جتھوں اور فتنہ بازوں کے ہاتھ میں نہیں دے سکتے۔ اب اس پاکستان دشمنی کے خلاف ڈٹ جانے کا وقت آ گیا ہے۔ ڈٹ جانا چاہیے۔‘
جب بھی ملک ترقی کی طرف بڑھنے لگتا ہے، فتنہ خان اپنا جتھہ لے کر پاکستان پر حملہ آور ہو جاتا ہے۔ 22 کڑوڑ عوام کی تقدیر کے فیصلے جتھوں اور فتنہ بازوں کے ہاتھ میں نہیں دے سکتے۔ اب اس پاکستان دشمنی کے خلاف ڈٹ جانے کا وقت آ گیا ہے۔ ڈٹ جانا چاہیے۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) May 22, 2022