پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ تحریک انصاف 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرے گی۔
اتوار کو پشاور میں پارٹی کے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ‘25 تاریخ کو میں آپ کو اسلام آباد میں دوپہر تین بجے سری نگر ہائی وے پر ملوں گا۔ خواتین بھی ہمارے ساتھ نکلیں۔ میں چاہتا ہوں ہر شعبے کے لوگ نکلیں۔‘
عمران خان کے مطابق ’ہم نے نہ جیل دیکھنی نہ کچھ اور۔ ہم اپنی جان دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔ ہم کسی صورت ان کو تسلیم نہیں کریں گے۔ جتنی دیر اسلام آباد رہنا پڑا رہیں گے۔ ہمارا مطالبہ اسمبلیوں کی تحلیل، الیکشن کی تاریخ اور صاف و شفاف الیکشن ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ملک سنبھالا نہیں جائے گا: اسد عمرNode ID: 670491
-
صدر مملکت کا ایک بار پھر عمر سرفراز چیمہ کو ہٹانے سے انکارNode ID: 670511
’ہم ہمیشہ پرامن رہے ہیں۔ ہمارے جلسوں میں خواتین، بچے، نوجوان اور ہر عمر کے لوگ ہیں۔ یہ سیاست نہیں جہاد ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ ہماری بیوروکریسی سن لے کہ اگر کوئی غلط کارروائی کی تو ہم ایکشن لیں گے۔ پولیس، بیوروکریسی اور فوج ہماری ہے۔ یہ ہمارا ملک ہے۔ فوج نے کہا ہے کہ وہ نیوٹرل ہے تو اب اس معاملے میں بھی نیوٹرل رہے۔‘
عمران خان کا پشاور سے لانگ مارچ کی قیادت کا اعلان
دریں اثنا عمران خان نے کہا کہ وہ پشاور سے لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد کے سری نگر ہائی وے پر پہنچیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ 25 مئی کو پوری قوم نکلے اور حقیقی آزادی مارچ کے لیے اسلام آباد کے سری نگر ہائی وے پر جمع ہو جہاں میں آپ سے سہ پہر 3 بجے ملوں گا۔ میں انشا اللہ خیبرپختونخوا سے مارچ کی قیادت کروں گا۔‘
میں چاہتا ہوں کہ 25 مئی کو پوری قوم نکلے اور حقیقی آزادی مارچ کیلئے اسلام آباد کے سری نگر ہائی وے پر جمع ہو جہاں میں آپ سےسہ پہر 3بجے ملوں گا۔میں انشاءاللہ خیبرپختونخوا سے مارچ کی قیادت کروں گا۔#حقیقی_آزادی_مارچ pic.twitter.com/KPGY47UJG5
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 22, 2022