کانز فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم کی نمائش
صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ کا ورلڈ پریمیئر پیر کو ہوا (فوٹو: ثروت گیلانی انسٹاگرام)
دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے ’کانز‘ میں آپ نے ہر سال ہالی وڈ اور بالی وڈ فنکاروں کو جلوے بکھیرتا دیکھا ہوگا لیکن اس سال پاکستانی فنکار بھی انٹرٹینمنٹ کی دنیا کے اس فیسٹیول میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
رواں سال پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے لیے بھی خوشگوار ثابت ہوا ہے کیونکہ اس بار فلمی دنیا کے اس سالانہ جشن میں ایک پاکستانی فلم کو بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
پاکستانی ہدایتکار و لکھاری صائم صادق کی مختصر فلم ’جوائے لینڈ‘ کا ورلڈ پریمیئر آج پیر کو ہوا اور فلم کی کاسٹ ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئی۔
پروڈیوسر سرمد کھوسٹ اور اپوروا چرن کی اس فلم کی کاسٹ میں ثروت گیلانی، ثانیہ سعید، علی جونیجو، علینہ خان، سفینہ جعفری شامل ہیں۔
اس فلم کی کہانی ایک خواجہ سرا کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔
کانز فلم فیسٹول میں فیچرز فلموں کی کیٹیگری صرف 14 فلموں تک محدود ہوتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ صائم صادق کی 2019 کی شارٹ فلم ’ڈارلنگ‘ وینس اور ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔
کانز فلم فیسٹیول میں پریمیئر ہونے والی پاکستانی فلم کی کاسٹ کی تصویر فیسٹول کے آفیشل انسٹا ہینڈل پربھی شیئرکی گئی۔
اداکارہ ثروت گیلانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’پرچم یادگار ہے۔ یہ میری، میری سرزمین، میری جدوجہد اور میری ثقافت کی نمائندگی کرتا ہے۔ بحیثیت فنکار میں جو ہوں اس کا مجسمہ ہوں اوراس کی نمائندگی کرنا ایک خواب پورا ہونے کے مترادف ہے۔ یہ ان تمام لوگوں کے لیے ہے جو مجھ پر یقین رکھتے ہیں، ان لوگوں کے لیے جنہوں نے میرا ساتھ دیا اور میرے شاندار لوگوں کی سرزمین کے لیے۔‘
اداکارہ ثانیہ سعید نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم کے پریمیئر سے ایک دن قبل فلم کی دیگر کاسٹ کے ہمراہ تصویر شیئر کی تھی۔
سترہ مئی سے شروع ہونے والا کانز فیسٹول 28 مئی تک جاری رہے گا۔