متعدد علاقوں میں گرد وغبار کا طوفان جاری، حد نگاہ متاثر
’طوفان کے باعث حد نگاہ متاثر رہے گی جس کے باعث ڈرائیونگ خطرناک ہوسکتی ہے‘ (فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور دیگر متعدد علاقوں میں غبار کا طوفان جاری ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’بعض علاقوں میں مطلع غبار آلود رہے گا جبکہ دیگر علاقوں میں دھول اڑے گی۔‘
محکمے نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ کی ینبع، الرایس اور دیگر کمشنریوں میں حد نگاہ متاثر ہوگی جبکہ غبار کی کیفیت شام 7 بجے تک رہے گی۔‘
ادھر محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ ’غبار کے طوفان کے باعث حد نگاہ متاثر رہے گی جس کے باعث ڈرائیونگ خطرناک ہو سکتی ہے۔‘
’محکمہ نے کہا ہے کہ ’غبار کے دوران رفتار کم رکھی جائے اور سامنے والی گاڑی سے مناسب فاصلے کا اہتمام کیا جائے۔‘
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’گردوغبار کے طوفان سے ریاض اور مشرقی ریجن سب سے زیادہ متاثر ہوں گے تاہم اس کے اثرات تبوک ، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے ساحلی علاقوں تک پہنچیں گے۔‘