نیوٹرلز کو کہتا ہوں ان کا حلف پاکستان کی سالمیت کی حفاظت کرنا ہے: عمران خان
عمران خان نے کہا کہ ہمارا احتجاج پرامن ہے جو کہ ہمارا جمہوری حق ہے۔ (فوٹو: فیس بک عمران خان)
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کل وہ خیبر پختونخوا سے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلوس لے کر اسلام آباد کی طرف نکلیں گے۔ ’جگہ جگہ سے قافلے شامل ہوں اور ہم اسلام آباد پہنچیں گے۔‘
پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے خلاف احتجاج کو وہ سیاست نہیں، جہاد سمجھتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ملک میں کسی کی جان کو خطرہ ہے، تو میری جان کو خطرہ ہے۔ ’لیکن مجھے اس کی کوئی فکر نہیں کیونکہ میں اس کو جہاد سمجھتا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ نیوٹرلز، ججز اور وکلا کو پیغام دیتے ہیں کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ ہمیں قرآن میں نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔ ’آپ نے فیصلہ کرنا ہے آپ راہ حق کے ساتھ کھڑے ہیں یا دوسری طرف کھڑے ہیں۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اللہ نے بیچ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی، جو خود کو نیوٹرل کہتے ہیں ان کو واضح کرتا ہوں ان کا حلف پاکستان کی سالمیت اور خودداری کی حفاظت کرنا ہے۔‘
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں عدلیہ سے پوچھ رہا ہوں کہ اگر آپ نے اس کی اجازت دی، جو یہ سارا ملک بند کر دیا ہے، رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔ لوگوں کے گھروں پر چھاپے مار رہے ہیں۔
انھوں نے عدلیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ نے اجازت دی تو عدلیہ کی ساکھ ختم ہو جائے گی اور اس کا مطلب یہ ہو گا کہ یہاں جمہوریت نہیں ہے۔‘
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عدلیہ سے کہتا ہوں کہ یہ آپ کا ٹرائل ہے، پوری قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے۔
’ہم کہہ رہے ہیں کہ پرامن احتجاج ہے، جو ہمارا جمہوری حق ہے۔‘