Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عوام کو شرپسند جتّھوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا: نواز شریف

نواز شریف نے کہا ہے کہ ’ہمیں بحثیت قوم شرپسندوں کا راستہ روکنا ہوگا۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’عوام کو ان فتنہ پرور شرپسند جتّھوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا جو پہلے ہی ان پر غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے پہاڑ گرا چکے ہیں۔‘
پیر کو مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’ایسے تخریب کاروں کا قلع قمع کیے بغیر پاکستان اپنی حقیقی منزل نہیں پا سکتا۔ ہمیں بحثیت قوم ان شرپسندوں کا راستہ روکنا ہوگا۔‘
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک پرائیوٹ ٹی وی سے بات چیت میں کہا کہ اب ریاست کسی سے بلیک میل نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جان بچانے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے ایک موقع پر سوچا تھا کہ اسمبلی تحلیل کریں گے۔ ’لیکن یہ بات سامنے آئی کہ اسمبلی کی تحلیل عمران خان کے دھرنے سے نتھی ہو جائے گا۔‘
مسلم لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ریاست کے مفادات سیاسی مفادات سے مقدم ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ اتوار کو پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 25 مارچ کو اسلام آباد کی سری نگر ہائی وے پر لانگ مارچ اور دھرنے کا اعلان کیا گیا۔
پی ٹی آئی نے اعلان کر رکھا ہے کہ موجودہ اتحادی حکومت کی جانب سے الیکشن کے اعلان تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اس مارچ میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔

شیئر: