امارات میں احتجاج و جلسہ غیرقانونی: پاکستانی سفارتخانہ
امارات میں احتجاج و جلسہ غیرقانونی: پاکستانی سفارتخانہ
منگل 24 مئی 2022 21:56
سوشل میڈیا کا غلط استعمال بھی یہاں ممنوع ہے(فائل فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے نے امارات میں مقیم پاکستانیوں سے کہا ہے کہ’ مقامی قوانین کے مطابق یہاں کسی بھی قسم کا احتجاج یا جلسہ غیرقانونی ہے‘۔
ابوظبی میں سفارتخانے کے ٹوئٹر اکاونٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ’سوشل میڈیا کا غلط استعمال اور اس پرغیر متعلقہ سرگرمی بھی یہاں ممنوع ہے‘۔
سفارتخانے نے بیان میں امارات میں مقیم تمام پاکستانیوں کو ہدایت کی کہ’ وہ مقامی قوانین کی پاسداری کریں اور اس طرح کی کسی بھی سرگرمی سے اجتناب کریں‘۔
پاکستانی سفارتخانے کے ٹوئٹر اکاونٹ پر بیان جاری کیا گیا ہے( فوٹو ٹوئٹر سفارتخانہ)
یاد رہےکہ اس سے قبل 13 اپریل کو بھی پاکستانی سفارت خانے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں مقیم پاکستانیوں کو خبردار کیا گیا تھا کہ ’یو اے ای میں جلسے جلوس غیر قانونی ہیں۔‘
’مقامی قوانین کی خلاف ورزی سخت قانونی کارروائی کا موجب بن سکتی ہے۔‘
بیان میں وہاں مقیم تمام پاکستانیوں سے استدعا کی گئی تھی کہ وہ متحدہ عرب امارات کے قوانین کی پاسداری کریں اور کسی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔‘