میں آج کشمیر ہائی وے سے ہوتا ہوا ڈی چوک پہنچوں گا: عمران خان کا اعلان
عمران خان نے کہا کہ ’اس حقیقی آزادی مارچ کے ذریعے ہم باہر سے بٹھائے گئے ان پُتلوں سے آزاد ہو جائیں گے۔‘(فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج کشمیر ہائی وے سے ہوتے ہوئے ڈی چوک پہنچیں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے منگل کو رات گئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’اس حقیقی آزادی مارچ کے ذریعے ہم باہر سے بٹھائے گئے ان پُتلوں سے آزاد ہوجائیں گے۔‘
’عوام سے درخواست ہے کہ ملک بھر سے نکلیں۔ خاص طور پر چاہوں گا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے لوگ نکلیں۔ ہم اگر نہیں نکلیں تو آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ حقیقی آزادی کے لئے عوام دیگر شہروں سے بھی نکلیں‘
’ہمارا ایک مقصد ہے اسمبلی تحلیل کریں اور نئے الیکشنز کرائیں۔ اگر ہم کامیاب ہوگئے تو ان کٹھ پتلیوں سے بھی آزاد ہو جائیں گے۔‘
عمران خان نے کہا’ہمیں اللہ کے سوا کسی کے سامنے جھکنے کی ضرورت نہیں ہے۔ قوم غیرت مند ہے، قوم تگڑی ہے، جب چیلنج ملتا ہے قوم کھڑی ہوجاتی ہے۔‘
’ آپ سب نے باہر نکلنا ہے، خیبر پختونخوا سے میں خود نکل رہا ہوں، آپ نے کسی قسم کا خوف اپنے ذہن پر نہیں ڈالنا۔ آزادی کی جنگ میں انسان اپنی جان کی قربانی کے لیے بھی تیار ہوتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ آپ کو ڈرائیں گے، دھمکائیں گے لیکن آپ نے کسی کی پروا نہیں کرنی۔ اگر آپ نے یہ موقع ضائع کردیا تو آپ کے بچوں کو آئندہ آنے والی نسلوں کو یہ جنگ لڑنا پڑے گی۔‘
’اوپر جو کرپٹ ٹولہ بیٹھا ہوا ہے اس نے قوم کو غلام بنایا ہوا ہے یہ ہیں غلام، پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے، 22 کروڑ عوام کو کسی کی غلامی کی ضرورت نہیں ہے۔‘