رائل انسٹی ٹیوٹ کا پرفارمنگ آرٹس کے فروغ کے لیے معاہدہ
رائل انسٹی ٹیوٹ کا پرفارمنگ آرٹس کے فروغ کے لیے معاہدہ
بدھ 25 مئی 2022 14:23
آرٹس کے شعبے میں تعاون کے ذریعے روایتی فنون کو تقویت دی جائیگی۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کی رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈیشنل آرٹس(آر آئی ٹی اے) نے کوریا نیشنل یونیورسٹی آف آرٹس کے پرفارمنگ آرٹس سکول کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس معاہدے کا مقصد پرفارمنگ آرٹس کے شعبے میں تعاون بڑھانا اور ان اقدامات کے ذریعے روایتی فنون کو تقویت دینا ہے۔
ان دونوں اداروں کے درمیان تعلیمی پروگراموں کے ذریعے طلباء اور فیکلٹی ممبران میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
آرٹس کے شعبے میں تعاون کا یہ معاہدہ تحقیق اور مطالعہ کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
یہ معاہدہ قومی ہنرمندوں، صنعت کاروں، فنکاروں، دستکاروں اور دونوں ممالک میں روایتی فنون کے شوقین افراد کو اپنا کام جاری رکھنے اور عوام کو ان سے آشنا کر کے ان کی حوصلہ افزائی کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہو گا۔
بصری فنون مملکت کے ورثے کا ایک اہم حصہ ہیں۔ اس میں مملکت کے مختلف علاقوں سے روایتی پرفارمنگ آرٹس جیسے روایتی رقص اور لوک موسیقی شامل ہیں۔
رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈیشنل آرٹس اور درعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے متعدد منصوبوں اور اقدامات میں سٹریٹجک تعاون کے لیے اسی طرح کے ایک معاہدے پر فروری میں دستخط کیے تھے۔
دونوں اداروں کے مابین اس معاہدے میں ثقافتی ورثے سے متعلق مختلف مقامات کے تحفظ اور مختلف شعبوں میں تعلیم اور تربیت سے متعلق منصوبے بھی شامل تھے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں