Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابشر پر ٹریفک خلاف ورزی کے بارے میں معلومات کیسے حاصل کریں؟

سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک ہی نہیں بلکہ تمام اداروں کو ایک دوسرے سے ڈیجیٹل طریقے سے مربوط کیا گیا ہے۔ محکمہ جوازات ہو یا ٹریفک پولیس وادارہ امن عامہ تمام ادارے ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔
غیرملکیوں کے اقامے اور سعودی شہریوں کے شناختی کارڈ کے نمبروں سے ڈرائیونگ لائسنس بھی مربوط ہوتا ہے جس کے ذریعے کسی شخص کے بارے میں سرکاری ادارے باسانی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا وتجدید اقامے سے مشروط ہوتا ہے۔ اقامہ سالانہ بنیاد پرتجدید کیا جاتا ہے جب کہ ڈرائیونگ لائسنس پانچ یا دس برس کے لیے تجدید کرایا جاسکتا ہے۔
ٹریفک قوانین کی تحت ڈرائیونگ کے دوران کسی بھی نوعیت کی خلاف ورزی پرہونے والا چالان فوری طورپرغیر ملکی کے اقامے جبکہ سعودی شہری کے شناختی کارڈ نمبر پردرج ہوجاتا ہے جو محکمہ پاسپورٹ جسے جوازات کہا جاتا ہے میں بھی فیڈ ہوجاتا ہے جب تک غیر ملکی کارکن چالان ادا نہیں کرتے اقامہ تجدید نہیں کیا جاسکتا۔
ایک شخص نے جوازات کے ذیلی ادارے ’ابشر‘ کے ٹوئٹرپردریافت کیا ’ٹریفک خلاف ورزی کے بارے میں کس طرح مستند طریقے سے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں؟‘
سوال کے جواب میں ابشرسسٹم کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ ’ابشر‘ اکاؤنٹ پراس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ جوشخص بھی اپنے ٹریفک چالان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کا خواہاں ہے اسے چاہئے کہ وہ ابشر اکاؤنٹ پرلاگ ان کرے۔
چلان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا گیا ’ابشرسسٹم میں لاگ ان کرنے کے بعد خدماتی (مائی سروسز) میں جس کے بعد مرور (ٹریفک پولیس) جہاں موجود مختلف آپشنز میں سے ’استعلام الشامل عن المخالفات المروریہ‘ (ٹریفک چالان کے بارے میں معلومات ) کے آپشن کا انتخاب کیا جائے جہاں ٹریفک چالان کی مکمل تفصیلات درج ہوتی ہیں۔

جب تک غیر ملکی کارکن چالان ادا نہیں کرتے اقامہ تجدید نہیں کیا جاسکتا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

واضح رہے ٹریفک چالان کی اطلاع محکمہ ٹریفک پولیس موبائل فون پرایس ایم ایس کے ذریعے بھی ارسال کردیتی ہے۔ خلاف ورزی کے بارے میں اطلاع گاڑی کے مالک کے موبائل پرارسال کی جاتی ہے تاہم ایسے افراد جو کرائے کی گاڑی نکلواتے ہیں انہیں رینٹ اے کار والے ادارے عارضی این اوسی جاری کرتے ہیں جس کے ساتھ ہی محدود وقت کےلیے گاڑی اس شخص کے نام رجسٹرہوجاتی ہے جس نے کرایے پرلی ہوتی ہے۔
رینٹ اے کار کی جانب سے جاری کیے گئے این اوسی کا مقصد ٹریفک خلاف ورزیاں ان کے نام رجسٹرہوں جو گاڑی کرایے پرحاصل کرتے ہیں علاوہ ازیں ایسے افراد جو دوسروں کو اپنی گاڑی عارضی طورپردیتے ہیں انہیں بھی چاہئے کہ وہ ابشر اکاونٹ کے ذریعے جسے گاڑی عارضی طورپردیں اسے این اوسی جسے عربی میں ’تفویض‘ کہتے ہیں لازمی جاری کردیں تاکہ کسی بھی خلاف ورزی کا چالان گاڑی کے مالک پرنہیں بلکہ عارضی طورپرگاڑی چلانے والے پررجسٹرہو۔
ٹریفک چالان ہی کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’اقامہ کی تجدید کے دوران چالان کی ادائیگی کے وقت اضافی رقم جمع ہو گئی واپس کس طرح ہوگی؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے ابشر اکاونٹ پرکہا گیا کہ ٹریفک چالان یا دیگر سرکاری معاملات کی انجام دہی کے لیے جس بینک اکاونٹ کے ذریعے رقم جمع کرائی گئی ہے اسی اکاونٹ سے رقم واپس طلب کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے بعض افراد سسٹم کو استعمال کرنے سے واقف نہیں ہوتے اس لیے وہ ایجنٹوں کے ذریعے چالان ادا کراتے ہیں جس کی وجہ سے اضافی رقم کی ادائیگی کی صورت میں اسی ایجنٹ سے رابطہ کرنا ہوگا تاکہ اس کے اکاونٹ میں لوٹائی گئی رقم واپس طلب کی جاسکے۔  

شیئر: