Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب پاکستان اور انڈیا میں لیبر اتاشی تعینات کرے گا

فلپائن اور مصر میں لیبر اتاشی کی تقرری کا طریقہ کار مکمل کر لیا  گیا ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی کے نائب وزیر سطام الحربی نے بتایا ہے کہ رواں سال کے آخر تک پاکستان اور انڈیا میں لیبر اتاشی کی تقرری کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق نائب وزیر نے کہا ہے کہ انسانی وسائل و سماجی ترقی کی وزارت نے 2019 کے وسط  سے مزدور بھیجنے والے ممالک میں اتاشی پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت آئندہ سال دو مزید لیبر اتاشی دوسرے ممالک میں تعینات کیے جائیں گے۔
سطام الحربی نے بتایا کہ سعودی عرب میں غیر ملکی کارکنوں کے لیے فلپائن اور مصر میں لیبر اتاشی کی تقرری کا طریقہ کار مکمل کر لیا گیا ہے۔
اس پروگرام کا مقصد مملکت میں لیبر ریگولیشنز اور پالیسیوں کے منصوبوں پر عمل درآمد، ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے اور میزبان ملک میں متعلقہ حکام کے ساتھ فعال تعلقات استوار کر کے ان مالک کے ساتھ ہم آہنگی بڑھانا ہے۔
یہ پروگرام مملکت میں غیر ملکی ملازمین کو درپیش مشکلات کا جائزہ لینے اور مزدور ممالک میں حکام کے ساتھ ان سے روابط رکھنے کوشش کرتا ہے۔
پروگرام کے آخر میں سطام الحربی نے غیر ملکیوں کے لیے سعودی عرب میں مزدوری کے ضوابط اور روزگار کے حقوق کو فروغ دینے میں مملکت کی شاندار کوششوں پر روشنی ڈالی۔
 

شیئر: