Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی ورکرز کو 60 ملین ریال کے بقایاجات مل گئے

وزارت افرادی قوت نے تصفیے کے حوالے سے خصوصی رپورٹ جاری کی ہے۔( فوٹو سبق)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے مشکلات کی شکار کمپنیوں سے 349 غیرملکی ورکرز کو 60 ملین ریال سے زائد تنخواہیں اور بقایا جات دلوا دیے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت افرادی قوت نے فروری 2021 کے حوالے سے محنتانوں کے تصفیے پر خصوصی رپورٹ جاری کی ہے۔
وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ تقریباً 60.5 ملین ریال ورکرز کو ادا کیے گئے ہیں۔ یہ رقم ورکرز کی باقی ماندہ تنخواہوں اور نہایتۃ الخدمۃ کے تحت واجب الادا تھی۔
 وزارت نے مشکلات کی شکار کمپنیوں کے ورکرز کے حوالے سے عدالتی فیصلے پر عملدرامد کروایا ہے۔
یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود تنخواہوں اور بقایا جات کے تصفیے کے حوالے سے ایک ادارہ قائم کیے ہوئے ہے۔
یہ ادارہ مشکلات سے دوچار کمپنیوں کے نمائندوں کو طلب کرتا ہے اور ان سے رقوم لے کر خصوصی اکاؤنٹ میں جمع کرادیتا ہے۔ 
وزارت افرادی قوت کا یہ ادارہ ہر کمپنی کے حوالے سے ذیلی اکاؤنٹ بھی قائم کیے ہوئے ہے۔ ادارہ متاثرہ ورکرز کی فہرست تیار کرتا ہے۔
ان کی تنخواہیں تقسیم کرنے کی سکیم بناتا ہے پھر متعلقہ کمپنی کے بااختیار نمائندے اور تنخواہوں کی تقسیم کے ذمہ داران کو طلب کرکے ان سے ورکرز کی تنخواہیں اور بقایا جات دلانے کی کارروائی کراتا ہے۔

شیئر: