’نئے ڈیجیٹل ذرائع کی تلاش‘ گوگل کے انڈیا سے مذاکرات
گزشتہ ماہ انڈیا نے او این ڈی سی پروگرام کی سافٹ لانچنگ کی تھی (فائل فوٹو: روئٹرز)
الفابیٹ انٹرنیشنل کی کمپنی گوگل کی اوپن ای کامرس مارکیٹ کے منصوبے میں شمولیت کے لیے انڈین حکومت سے بات چیت جاری ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے جمعے کو ذرائع کے حوالے سے انڈیا کے اوپن نیٹ ورک فار ڈیجیٹل کامرس (او این ڈی سی) کے ساتھ جاری مذاکرات کی خبر دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ انڈیا نے او این ڈی سی پروگرام کی سافٹ لانچنگ کی تھی۔
روئٹرز کے مطابق اس اقدام کے ذریعے انڈیا کی حکومت تیزی سے ترقی کرتی ای کامرس مارکیٹ میں امریکی کمپنیوں ایمیزون اور والمارٹ کی اجارہ داری کو ختم کر کے برابر مقابلے کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے۔
اںڈین حکومت کے تخمینے کے مطابق ملک کی ای کامرس مارکیٹ کا حجم سال 2021 میں 55 ارب ڈالرز سے زیادہ رہا جبکہ اس دہائی کے آخر میں یہ مارکیٹ 350 ارب ڈالرز کی حد کو عبور کر جائے گی۔
او این ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو ٹی کوشے نے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ اس منصوبے کے حوالے سے بات چیت کرنے والی کمپنیوں میں گوگل بھی شامل ہے۔
حکومت کی جانب سے رقوم کی آن لائن منتقلی کے حوالے سے نئے اقدامات کے بعد گوگل کو بات چیت آگے بڑھانے کا موقع ملا ہے۔
واضح رہے کہ گوگل نے ابھی تک ایمیزون کی طرح صارفین کے آرڈز کی ڈیلیوری کے کاروبار کا آغاز نہیں کیا ہے۔
گوگل کے ایک ترجمان نے کمپنی کے انڈیا کی حکومت سے مذاکرات پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہم چھوٹے اور بڑے کاروباروں کے لیے نئے ڈیجیٹل ذرائع کی تلاش اور ’گوگل پے‘ کے ذریعے ادائیگیوں کو آسان بنانے کے بارے میں پرعزم ہیں۔‘
انڈیا کی حکومت اپنے اوپن ای کامرس مارکیٹ کے منصوبے کے ذریعے آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور کمپنیوں کے لیے برابر مواقعوں کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے۔
انڈیا کے او این ڈی سی پروگرام کے تحت تین کروڑ سیلرز اور آئن لائن کاروبار کرنے والے ایک کروڑ پلیٹ فارمز کو سہولت فراہم کی جائے گی اور یہ پروگرام اگست سے انڈیا کے کم از کم 100 شہروں میں فعال ہو جائے گا۔