گوگل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹک ٹاک سال کی مقبول ترین ویب سائٹ
گوگل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹک ٹاک سال کی مقبول ترین ویب سائٹ
جمعہ 24 دسمبر 2021 17:37
2021 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اس پلیٹ فارم کو تین ارب مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔ فائل فوٹو: ان سپلیش
گوگل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹک ٹاک رواں برس کی سب سے مقبول ویب سائٹ بن چکی ہے۔
عرب نیوز نے انٹرنیٹ سکیورٹی کمپنی کلاؤڈ فیئر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ نقشے، ترجمے، تصاویر، پروازوں، کتابوں اور خبروں سمیت دیگر معلومات فراہم کرنے والی گوگل کی ویب سائٹ 2020 میں کلاؤڈ فیئر کی فہرست میں اول نمبر پر تھی جبکہ ٹک ٹاک پہلی پانچ ویب سائٹس میں بھی نہیں تھا۔
تاہم رواں برس 17 فروری کو ٹک ٹاک ایک دن کے لیے اول نمبر پر تھی۔ اس کے علاوہ، مارچ اور مئی میں کچھ دن ایسے بھی تھے جب ٹک ٹاک کو ایک وقت میں صارفین کی بہت بڑی تعداد استعمال کر رہی تھی، یعنی اس پر ٹریفک بہت زیادہ تھی۔
بالآخر اگست میں ٹک ٹاک نے مکمل طور پر فہرست میں اوپر کی پوزیشن حاصل کرلی۔
یہ ٹرینڈ اکتوبر اور نومبر تک جاری رہا جب ٹک ٹاک درجے کے لحاظ سے سب سے اوپر تھی۔
واضح رہے کہ مختصر ویڈیوز کے پلیٹ فارم ٹک ٹاک کو ماضی میں کافی مشکلات کا سامنہ رہا ہے۔
سال 2019 میں ٹک ٹاک پر انڈیا میں پابندی عائد کردی گئی تھی اور امریکہ میں اسے وزرا کی جانب سے تنقید کا سامنا تھا۔
سال 2020 میں امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایمیزون نے اپنے ملازمین کو حکم جاری کیا تھا کہ وہ ٹک ٹاک اپنے فون سے ہٹا دیں۔ تاہم بعد میں ایمیزون انتظامیہ نے اس اقدام کو غلطی قرار دے دیا تھا۔
رواں برس ستمبر میں ٹک ٹاک کے خلاف یورپی یونین کے ڈیٹا پرائیویسی کے نگراں ادارے نے دو تحقیقات کا آغاز کیا ہے، جن کا تعلق بچوں کی ذاتی معلومات رکھنے اور ذاتی ڈیٹا چین کو فراہم کرنے سے ہے۔
اس کے باوجود ٹک ٹاک مقبولیت کی راہ پر گامزن ہے۔ 2021 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اس پلیٹ فارم کو تین ارب مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔
بیک لنکو کے مطابق صرف جنوری تا جون 2021 کے دوران اس ایپ کو 38 کروڑ 30 لاکھ مرتبہ انسٹال کیا گیا۔