’رجسٹرار سپریم کورٹ نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے مقدمات فوری مقرر کروائے‘
’رجسٹرار سپریم کورٹ نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے مقدمات فوری مقرر کروائے‘
ہفتہ 28 مئی 2022 17:43
قاضی فائز عیسٰی کا کہنا ہے کہ ’امید ہے موجودہ چیف جسٹس ججز تقرری سے متعلق تحفظات کو دور کریں گے‘ (فائل فوٹو: سپریم کورٹ)
سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے رجسٹرار سپریم کورٹ جواد پال کے تقرر پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ’انہوں نے سابق وزیراعظم عمران اور ان کی پارٹی کے مقدمات فوری مقرر کروائے۔‘
چیف جسٹس آف پاکستان کو ایک خط میں قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ’رجسٹرار سپریم کورٹ نے عمران خان یا تحریک انصاف کے خلاف دائر ہونے والے مقدمات جان بوجھ کر مقرر نہیں کیے۔‘
’رجسٹرار سپریم کورٹ جواد پال کو سیکریٹری جوڈیشل کمیشن کے عہدے سے ہٹایا جائے، اُن کا رویہ متکبرانہ اور بددیانتی والا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ میں کسی کو جواب دہ نہیں۔‘
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے رجسٹرار سپریم کورٹ جواد پال کے سیکریٹری جوڈیشل کمیشن ہونے پر اعتراض کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عوام کے پیسے لینے والا سرکاری ملازم جوڈیشل کمیشن کی غیرجانبداری پر سوالیہ نشان ہے۔‘
قاضی فائز عیسٰی کے مطابق ’ججز تقرری کے لیے اجلاس سے متعلق عوام کو علم ہونا چاہیے۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی جگہ جونیئر جج کو تعینات کیا گیا۔‘
’سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے یہ کہہ کر جونیئر جج لگائے کہ سینیئر ججز خود نہیں آنا چاہتے، سینیئر ججز کے خود نہ آنے کی بات کر کے ثاقب نثار نے مکاری کی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سابق چیف جسٹس گلزار احمد نے بھی چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور سینیئر ججز کو نظر انداز کیا۔‘
قاضی فائز عیسٰی کہتے ہیں کہ ’پاکستان بار اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سمیت جوڈیشل کمیشن ممبران نے کئی بار رولز میں ترمیم کا مطالبہ کیا۔‘
’ججز کے تقرر میں سنیارٹی، میرٹ اور قابلیت کو دیکھنا ہوتا ہے، بطور ممبر جوڈیشل کمیشن سابق جج جسٹس مقبول باقر کی رائے کو بھی نظرانداز کیا گیا۔‘
ان کے مطابق ’اعلٰی عدلیہ پر عوام کا اعتماد لازمی ہے، عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے قابل اور دیانت دار ججز تعینات ہونے چاہییں۔‘
قاضی فائز عیسٰی کا کہنا ہے کہ ’امید ہے موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان ججز تقرری سے متعلق تحفظات کو دور کریں گے۔‘
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ ’خط کی کاپی سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار اور گلزار احمد کو بھی بھیج رہا ہوں۔‘