Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیارا اور سدھارتھ کی شادی کی افواہیں، ’فی الحال شادی فلموں میں‘

کیارا اڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا کو کرن جوہر کی سالگرہ پر بھی اکٹھے دیکھا گیا۔ (فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس)
انڈین اداکارہ کیارا اڈوانی نے سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ اپنی شادی کی افواہوں پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’فی الحال میری شادی فلموں میں ہو رہی ہے۔‘
بالی وڈ خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق کیارا اڈوانی ان دنوں اپنی فلم ’جُگ جُگ جیو‘ کے گانے کی ریکارڈنگ کے لیے دہلی میں ہیں۔
ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ شادی کرنے والی ہیں تو انہوں نے کہا کہ ’جب شادی ہو گی تو میں آپ کو ضرور مدعو کروں گی۔ فی الحال میری شادی فلموں میں ہو رہی ہے اور آپ مجھے یہاں دلہن کے روپ میں دیکھ سکتے ہیں۔‘
کیارا اڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا کے تعلق کے بارے میں افواہیں گرم ہیں، تاہم دونوں نے اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
یہ بھی افواہیں چل رہی ہیں کہ دونوں علیحدہ ہو گئے ہیں، لیکن یہ افواہیں اس وقت دم توڑ گئیں جب دونوں فلم ’بھول بھلیاں ٹو‘ کے سیٹ پر ملے۔
کیارا اڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا کو کرن جوہر کی سالگرہ پر بھی اکٹھے دیکھا گیا۔
فلم ’جُگ جُگ جیو‘ 24 جون کو ریلیز ہو گی جسے راج مہتا نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ اس فلم میں ورن دھون، انیل کپور اور نیتو کپور بھی شامل ہیں۔

شیئر: