Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رضاکارانہ خدمات کے لیے آگاہی مہم، سعودی ہلال احمر کےلیے گنیز ورلڈ ریکارڈ  

 9 ہزار 836 افراد نے ہلال احمر کی ویب سائٹ پر اقرارنامہ جمع کرایا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ہلال احمر نے رضاکارنہ خدمات کےلیے آگاہی مہم  پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرایا ہے۔
  ہلال احمر نے’ومن احیاھا‘ (جس نے کسی کو زندگی دی) کے عنوان سے سعودی دارالحکومت ریاض میں رضاکارانہ خدمات کی اپیل کی تھی۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق 9 ہزار 836 افراد نے ہلال احمر کی ویب سائٹ پر جاکر اقرارنامہ جمع کرایا کہ وہ جب اور جہاں ضرورت پڑے گی رضاکارانہ خدمات کے لیے تیار ہوں گے۔
انہوں نے یہ عہد بھی کیا کہ ’وہ ابتدائی طبی امداد کا طریقہ کار سیکھیں گے اور 24 گھنٹے کے اندر دل اور پھیپھڑے کے متاثرین کے کام آنے والے میڈیکل آلات استعمال کرنے کا طریقہ جاننے کی کوشش کریں گے‘۔

مقیم غیرملکیوں نے بھی رضاکارانہ خدمات میں دلچسپی ظاہر کی ہے(فوٹو ایس پی اے)

ہلال احمر کے ترجمان عبدالعزیزالصوینع نے بتایا کہ ’سعودی شہریوں ہی نے نہیں بلکہ مقیم غیرملکیوں نے بھی رضاکارانہ خدمات انجام دینے میں دلچسپی ظاہر کی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’رضا کار ابتدائی طبی امداد کے طور طریقے سیکھیں گے۔ مریضوں کو دل، پھیپھڑے وغیرہ کے عارضے میں مبتلا ہونے پر ہنگامی طبی امداد میں استعمال ہونے والی مشینیں چلانے کی تربیت بھی حاصل  کریں گے‘۔ 
عبدالعزیزالصوینع نے بتایا کہ ’گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ریاض میں تارکین وطن اور مقامی شہریوں نے ہزاروں کی تعداد میں ہلال احمر کی اپیل پر لبیک کہا ہے‘۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’وہ سماج کے حوالےسے اپنی ذمہ داری بڑھ چڑھ کر ادا کریں گے۔ زندگی کے سفیر بننا چاہتے ہیں اور انسانیت نوازخدمات ادا کرکے انسانی برادری کے بہتر فرد ہونے کا احساس بھی کرناچاہتے ہیں اوراحساس بھی دلانا چاہتے ہیں‘۔

شیئر: