Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک ہفتے کی تاخیر، ’پاکستان سے پہلی حج فلائٹ اتوار کی رات روانہ ہو گی‘

پاکستان میں عازمین حج کی تربیت کا عمل جاری ہے (فائل فوٹو: وزارت حج)
وزارت مذہبی امور کے سیکرٹری آفتاب درانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں حج آپریشن 2022 منصوبے کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔
منگل کی صبح جاری کیے بیان میں سیکرٹری مذہبی امور نے بتایا کہ ’چھ ماہ پر محیط حج آپریشن کو ایک ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اب تک حاجی کیمپوں کے ذریعے سرکاری سکیم کے تحت 80 فیصد سے زائد عازمینِ حج کی تربیت کا عمل  مکمل کیا جا چکا ہے۔‘
آفتاب درانی کے مطابق ’سعودی حکام کی ہدایت پر روڈ ٹو مکہ کی پہلی پرواز پانچ اور چھ جون کی درمیانی شب اسلام آباد سے روانہ ہو گی۔ عازمین حج کو پروازوں سے متعلق اطلاع بذریعہ ویب سائٹ اور موبائل میسج کی جائے گی۔‘
پاکستان سے سرکاری عازمین حج پی آئی اے، ایئر بلیو، سرین اور سعودی ایئر کے ذریعے سعودی عرب پہنچیں گے۔
سیکرٹری مذہبی امور نے عازمین حج سے کہا ہے کہ وہ ملک کے مختلف حصوں میں ’جاری تربیتی پروگرامز میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ متعلقہ حاجی کیمپوں سے رابطہ رکھیں اور ہدایات کے مطابق حج کی تیاری مکمل کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وزارت کا عملہ، بینک، ایئرلائنز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کامیاب حج آپریشن کے لیے ٹائم لائن کے مطابق مصروف عمل ہیں۔
قبل ازیں حج آپریشن کی فلائٹس کے لیے 31 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا۔
وزارت مذہبی امور اور ایوی ایشن  کے ذرائع کے مطابق حج آپریشن کی تیاریاں مکمل نہیں ہو پائیں جس کی وجہ سے پہلی پرواز اب 31 مئی کو روانہ نہیں ہو سکے گی۔

قبل ازیں حج آپریشن کے آغاز کے لیے 31 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر ہوا بازی سعد رفیق کو بریفنگ میں پی آئی اے حکام نے بتایا تھا کہ حج آپریشن 31 مئی کو شروع ہو گا اور عازمین حج کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے)  31 مئی سے 13 اگست تک پاکستان کے آٹھ اہم شہروں سے جدہ اور مدینہ منورہ کے لیے حج پروازیں روانہ کرے گی۔

شیئر: