’عمران خان وہ نمبر ڈھونڈ رہا ہے جو بند ہو چکا‘
مریم نواز نے کہا کہ سابق حکومت کے اقدامات سے دوست ممالک ناراض ہیں۔ (فوٹو: سکرین گریب)
مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اسٹیبلشمنٹ میں اُس نمبر کو ڈھونڈ رہا ہے جو بند ہو چکا ہے۔
پیر کو مری میں خیبرپختونخوا سے مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا ٹیم کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ’پاکستان کی معیشت اس وقت آئی سی یو میں ہے۔ عمران خان ملک کا خزانہ خالی کر کے گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم جہاد نہیں بلکہ فساد کر رہے ہیں۔ ’اگر آپ نے فساد کرنا ہے تو پھر پاکستان بھی ایک نیا ردالفساد لانچ کرے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ چار سال سے بے حس حکومت نے انتقام کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
’اگر انہوں نے حکومت حاصل کر بھی لی تو وہی کرنا ہے جو پچھلے چار سال میں کیا ہے۔‘
مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان نے خود کو بچانے کے لیے اسٹیبلشمنٹ کو آوازیں دیں اور عدم اعتماد سے پہلے سابق صدر آصف علی زرداری سے رابطہ کیا۔
’اسٹیبلشمنٹ جو اس کے محسن تھے، ان کو میر جعفر اور صادق کہہ کر پکارتا ہے۔ وہاں سے انکار ہوا تو یہ عدلیہ کو آوازیں دے رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عدلیہ سے درخواست کرتی ہوں کہ اس کی گندی اور انتشاری سیاست کا حصہ نہ بنے۔‘
’عدلیہ کے چند ججز کو ثاقب نثار بنانے پر تُلا ہوا ہے۔ یہ عدلیہ میں ثاقب نثار کو ڈھونڈ رہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کے اقدامات سے دوست ممالک ناراض ہیں۔
’کل جب وزیراعظم سے ملی تو انہوں نے بتایا کہ چینی کاروباری گروپس کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے یہ شکایت کی کہ ہم لوگ عمران خان کے دور میں اتنے مایوس تھے۔ ہم نے پچھلے چار سال مایوسی میں گزارے ہیں، شکر کیا کہ آپ لوگ آئے ہیں۔‘
مریم نواز نے کہا کہ امریکہ کو للکارنے والا لیڈر خیبرپختونخوا میں چھپ کر بیٹھا ہوا ہے اور خیبرپختونخوا کے وسائل استعمال کر رہا ہے۔‘
ان کے مطابق کہ ’عمران خان جب منہ کھولتا ہے تو غلاظت ٹپکتی ہے، جب تک عمران خان سیاست میں ہیں۔ پاکستان کو لکھ کر دیتی ہوں جب تک اس کی جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کو کو روکا نہیں جاتا تو پاکستان ایک انچ کی ترقی نہیں کر سکتا۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’انقلاب کے لیے جو ہیلی کاپٹر استعمال کیا وہ خیبرپختونخوا کے عوام کا تھا نہ کہ فرح گوگی کا۔‘