Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قوم نے عمران خان کو ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ کہہ دیا ہے : مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ ’سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد پی ٹی آئی کو کھلی آزادی ملی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ 25 افراد لانے کا دعویٰ کرنے والے عمران خان 20 ہزار بندے بھی جمع نہیں کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ قوم نے عمران خان کو ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ کہہ دیا ہے۔ ان کا انتشار اور فتنہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ لوگ جعلی ڈرامے اور انقلاب کو پہچان گئے ہیں۔‘
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد ان کو کھلی آزادی ملی، اس فیصلے سے ان کو شہ ملی۔‘
سابق وزیراعظم کے خلاف توہینِ عدالت کیس میں چیف جسٹس آف پاکستان کے ان ریمارکس پر کہ ہوسکتا ہے عمران خان کو پیغام درست نہ پہنچا ہو مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں سب پتا تھا، عدالت عظمیٰ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔
جعلی انقلاب کی خاطر خون کے ذمہ دارعمران خان ہیں۔ یہ انقلاب نہیں انتشار تھا، عوام پوچھ رہے ہیں چار برسوں یں کون سا کام کیا؟ لوگ جعلی انقلاب، جعلی خط کو بھی پہچان گئے ہیں۔
’حقیقی آزادی کا سفر اپنے گھر سے شروع ہوتا ہے، عمران خان پہلے اپنے بچے کو کہیں کہ تاج برطانیہ کا حلف ترک کر کے یہاں آئیں۔‘
سابق وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے الٹی میٹم کے حوالے سے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’6 دن کا وقت اپنی شرمندگی مٹانے کے سوا کچھ نہیں۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے کل احتجاج کے دوران وفاقی دارالحکومت کو نذر آتش کیا اور وہ کئی گھنٹے تک جلتا رہا۔‘

مریم نواز کا کہنا تھا کہ 25 افراد لانے کا دعویٰ کرنے والے عمران خان 20 ہزار بندے بھی جمع نہیں کرسکے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

لاہور میں قتل ہونے والے پولیس اہلکار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’اس پر مسلم لیگ ن کو عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرانا چاہیے۔‘
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مذہب کواتنا نقصان دہشت گرد نہیں پہنچانتے جتنا یہ پہنچا رہے ہیں، مذہب کواستعمال کرنا یہ گناہِ کبیرہ ہے، عمران خان کو مذہب کا نام استعمال کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’اگر پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتیں نہ بڑھائی گئیں تو ملک دیوالیہ ہوسکتا ہے۔‘

شیئر: