Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہسپتال لے جانے سے پہلے ’کے کے‘ کے ساتھ کیا ہوا، تحقیقات شروع

کنسرٹ میں پرفارمنس کے بعد کے کے کی موت واقع ہوئی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کی پولیس نے کہا ہے کہ وہ انڈین گلوکار کرشن کمار کناتھ ’کے کے‘ کی ہلاکت کی تحقیات کر رہی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس اس حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے کہ گلوکار کی موت کہیں ’غیر فطری‘ وجوہات کی بنا پر تو نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ  53 سالہ گلوکار منگل کو لائیو کنسرٹ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔
رات کو 10 بج کر 30 منٹ پر ’کے کے‘ کو ان کے ہوٹل سے ہسپتال لے کر جایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔
مغربی بنگال کے ایک وزیر اروپ بسواس نے کہا تھا کہ ’کے کے کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔‘
گلوکار کے کے کی لاش کا پوسٹ مارٹم بدھ کو ہونا ہے۔
پولیس افسر سنجے مکھرجی کا کہنا ہے کہ وہ ہوٹل کے عملے سے پوچھ گچھ کے علاوہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لے رہے ہیں تاکہ یہ جان سکیں کہ ہسپتال لے جانے سے پہلے کے کے کے ساتھ کیا ہوا تھا۔
دہلی میں ایک جنوبی انڈین خاندان میں پیدا ہونے والے کرشن کمار کناتھ ایک ورسٹائل گلوکار تھے جنہوں نے ہندی سمیت تامل، تیلوگو، کناڈا، بنگالی، مراٹھی اور ملیالم میں بھی گانے ریکارڈ کروائے۔
ان کے مشہور گانوں میں آنکھوں میں تیری، خدا جانے اور دیگر شامل ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کے کے کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ان کے گانوں میں مختلف جذبات کی عکاسی ہوتی تھی اور ہر عمر کے لوگوں کو پسند آتے تھے۔ 
نریندر مودی نے کہا کہ ان کے گانوں کے ذریعے کے کے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
موت سے پہلے اپنے آخری کنسرٹ میں کے کے نے مقبول گانا ’پَل‘ بھی گایا تھا جس کے بول کچھ یوں ہیں: ہم رہیں نہ رہیں یاد آئیں گے یہ پل۔

شیئر: