Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہکار پینٹنگز میں سکوں کا استعمال کرنے والے سعودی مصور ہشام النجار

شاہ سلمان بن عبدالعزیز حکمران بنے تو اظہارعقیدت میں پورٹریٹ تیار کیا۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ میں مقیم آرٹسٹ ہشام النجار اپنی تیار کردہ متاثر کن پینٹنگز کے لیے روایتی کینوس یا  کاغذ کا سہارا نہیں لیتے بلکہ وہ اس کے لیے مقامی و بین الاقوامی سکوں کا استعمال کرتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا پورٹریٹ تیار کرنے کے بعد  ہشام النجار خصوصی توجہ کا  مرکز بن گئے ہیں۔
اس پورٹریٹ میں انہوں نے کئی ممالک کے9 ہزار سکوں کا استعمال کیا ہے  جو دیگر کسی تصویر سے بہت زیادہ ہیں، یہ شاہکار پورٹریٹ تین ماہ کےعرصے میں تیار ہوا۔
سعودی عرب کے قومی دن، یوم تاسیس، جدہ سیزن اور دیگر مقامی تہواروں اور تقریبات میں اپنے منفرد کام کی نمائش کر کے انہوں نےبھرپور پذیرائی حاصل کی۔
سعودی مصور ہشام النجار نے بتایا ہے کہ مقامی اور بین الاقوامی سکے جمع کرنا گذشتہ 25 سال سے میرا پسندیدہ مشغلہ رہا ہے۔
 ڈرائنگ اورپینٹنگ کے شعبے سے منسلک آرٹسٹ  نے انکشاف کیا ہے کہ میرے پاس دنیا بھر سے جمع کئے گئے ایک لاکھ سے زائد سکوں کا خزانہ موجود ہے۔
انہوں نے دنیا بھرمیں قدیم اشیا کی فروخت کی دکانوں اور نایاب سکوں کی نیلامی سے یہ منفرد  خزانہ اکٹھا کیا ہے۔

اپنا پورٹریٹ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کرانے کا عزم  ہے۔ فوٹو العربیہ

ہشام النجار نے بتایا کہ 2014 میں ایک تجارتی صنعت سے ریٹائر ہونے کے بعد انہوں نے 2015 میں بطور کوائن آرٹسٹ کا شعبہ اپنا لیا، اب وہ ان جمع شدہ سکوں کو پیشہ ورانہ پینٹنگزمیں استعمال کرتے ہیں۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز2015 میں سعودی عرب کے حکمران بنے تو خادم حرمین شریفین کے ساتھ عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے کچھ نیا کرنے کا سوچا اور سکوں کا استعمال کرتے ہوئے ایک پورٹریٹ تیار کیا۔
اس کے بعد سب سے بڑا پورٹریٹ جو النجار نے تیار کیا وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ہے، اس تصویر میں 2800 سکے استعمال کئے گئے ہیں۔

دنیا بھر سے جمع کئے گئے ایک لاکھ سے زائد سکوں کا خزانہ موجود ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

آرٹسٹ ہشام النجار سکوں کی مدد سے40 دیگر پورٹریٹ بھی بنا چکے ہیں جن میں سعودی عرب کے شاہ عبدالعزیز، شاہ فیصل، شاہ فہد، شاہ خالد، شاہ عبداللہ، شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز، شہزادہ نایف بن عبدالعزیز  اور شہزادہ سعود الفیصل کے پورٹریٹ شامل ہیں۔
ان کےعلاوہ امارات کےرہنماؤں میں شیخ خلیفہ بن زید، شیخ محمد بن زید اور شیخ محمد بن راشد کے پورٹریٹ بھی تیار کر چکے ہیں۔
جدہ سیزن کے حوالے سےتاریخی علاقے بلد میں اپنے تیار کردہ  پورٹریٹ کی نمائش کرتے ہوئے النجار نے بتایا  کہ اب ان کی زندگی نے ایک منفرد انداز اختیار کر لیا ہے۔
ہشام النجاراپنی تخلیقی پینٹنگز اورمخصوص فن پاروں  کو عام فروخت کے ساتھ ساتھ سکوں کی مدد سے اب دنیا کا سب سے بڑا پورٹریٹ تیار کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کرانے کا عزم بھی رکھتے ہیں۔
 

شیئر: