حج سیزن میں مکہ جانے کے لیے پرمٹ کیسے جاری کرایا جاسکتا ہے؟
حج سیزن میں مکہ جانے کے لیے پرمٹ کیسے جاری کرایا جاسکتا ہے؟
جمعرات 2 جون 2022 0:05
مملکت میں حج سیزن کا آغاز قمری مہینے ذوالقعدہ سے ہو جاتا ہے۔ دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا آغاز ہوتے ہی شہر مقدس مکہ کے مرکزی شاہراہوں پرچیک پوسٹیں قائم کردی جاتی ہیں۔
حج سیزن کا آغاز ہوتے ہی مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پرقائم کی جانے والی چیک پوسٹوں پرمتعین اہلکارکسی ایسے شخص کو مکہ جانے کی اجازت نہیں دیتے جن کے پاس حج سیزن کا پرمٹ نہ ہو۔
پرمٹ سے استثنٰی مکہ کے باسیوں کو دیا جاتا ہے تاہم انہیں اس امر کا ثبوت پیش کرنا ہوتا ہے کہ وہ مکہ میں سکونت پذیرہیں۔
ایسے غیر ملکی جو مکہ مکرمہ میں رہائش پذیر ہیں ان کے اقامے پردرج ہوتا ہے جبکہ سعودی شہریوں کے شناختی کارڈ پر بھی مکہ مکرمہ کا ایڈریس ہوتا ہے۔
حج سیزن کے دوران مکہ کام سے جانے والوں کے لیے محدود مدت کے لیے خصوصی پرمٹ جاری کیے جاتے ہیں۔ پرمٹ کے بغیر مکہ میں داخلہ ممکن نہیں ہوتا۔
چند برس قبل تک خصوصی پرمٹ محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے جاری شدہ فارم پر کیا جاتا تھا جس میں پرمٹ حاصل کرنے والے کی تصویر اور دیگر کوائف درج کیے جاتے تھے تاہم اب پرمٹ کو ڈیجیٹل کردیا گیا ہے۔
حج سیزن کے دوران پرمٹ کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’مکہ جانے کے لیے پرمٹ کس طرح جاری کرایا جائے، کب سے مکہ نہیں جاسکتے؟‘
حج سیزن کے دوران مکہ کام سے جانے والوں کے لیے محدود مدت کے لیے خصوصی پرمٹ جاری کیے جاتے ہیں۔(فوٹو: ٹوئٹر)
جوازات کی جانب سے حج سیزن کے دوران مکہ جانے کے لیے پرمٹ کے اجرا کے لیے ’ابشر‘ پلیٹ فارم پر سہولت مہیا کی گئی ہے۔
پرمٹ کے اجرا کے لیے درخواستوں کی وصولی حج سیزن کے آغاز سے دوہفتہ قبل شروع کردی جاتی ہے۔
ابشرپلیٹ فارم کے ذریعے ایسے تارکین جو مکہ کے رہائشی نہیں ہوتے اورانہیں کام کی غرض سے حج سیزن میں مکہ مکرمہ جانا ہوتا ہے کے لیے پرمٹ کی درخواست ان کے اداروں یا کفیلوں کی جانب سے جمع کرائی جاتی ہے۔
غیرملکی کارکن کو کام کی نوعیت کے اعتبار سے پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔ ایسے افراد جن کا کام صرف مکہ کی حد تک ہوتا ہے انہیں شہر کے لیے ہی پرمٹ دیا جاتا ہے جبکہ وہ افراد جو مشاعر مقدسہ میں بھی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں کے لیے پرمٹ مکہ کے علاوہ مشاعر مقدسہ یعنی میدان عرفات، منی اور مزدلفہ کے لیے بھی جاری کیا جاتا ہے۔
پرمٹ حاصل کرنے کے لیے دی جانے والی درخواست میں کارکن کے کوائف کے ساتھ کام کی نوعیت اور دورانیہ کی بھی وضاحت ضروری ہوتی ہے جسے دیکھتے ہوئے مکہ کے لیے پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔
حج سیزن کے لیے جاری کیے جانے والے پرمٹ کا مقصد بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ غیر متعلقہ افراد مکہ جاکر رش کا باعث نہ بنیں۔
پرمٹ کی دوقسمیں ہیں جن میں ایک کام کے لیے جانے والوں کو جاری کیا جانے والا پرمٹ جبکہ دوسرا حج کرنے والوں کو دیا جانے والا پرمٹ ہے جو صرف حج ایام کے لیے ہی ہوتا ہے۔
جوازات کی جانب سے حج سیزن کے دوران مکہ جانے کے لیے پرمٹ کے اجرا کے لیے ’ابشر‘ پلیٹ فارم پر سہولت مہیا کی گئی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وزارت حج کے قانون کے مطابق مملکت میں رہنے والے غیرملکی یا سعودی شہریوں پریکساں پابندیاں عائد ہوتی ہے۔ کوئی بھی شخص 5 برس میں ایک سے سے زائد بار حج نہیں کرسکتا ہے۔
یعنی پانچ برس میں ایک بار حج کرنے کی اجازت ہوتی ہے علاوہ ازیں حج کے لیے مقررہ نجی کمپنیوں کی فراہم کردہ خدمات کا پیکیج حاصل کرنا لازمی ہے انفرادی طورپرحج کرنے کا اب تصورنہیں۔
حج سیزن کا آغاز ہوتے ہی مکہ کے داخلی راستوں پرقائم چیک پوسٹیں فعال ہوجاتی ہیں جہاں متعین اہلکار پرمٹ کے بغیرکسی کو مکہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیتے۔ چیک پوسٹ پرجانے والے افراد جن کے پاس پرمٹ نہیں ہوتا انہیں واپس لوٹا دیا جاتا ہے۔