مسجد الحرام میں ہر پیر اور جمعرات کو افطار دستر خوان کی اجازت
’افطار دستر خوان ہر پیر اور جمعرات کے علاوہ چاندنی راتوں کی تاریخوں میں بچھائے جائیں گے‘ ( فوٹو: سبق)
حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ کل جمعرات سے افطار دستر خوان بچھانے کی اجازت ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق افطار دستر خوان ہر پیر اور جمعرات کے علاوہ چاند راتوں کی تاریخوں 13، 14 اور 15 میں بھی بچھائے جائیں گے۔
انتظامیہ کے تحت متعلقہ شعبے کے سربراہ محمد بن مصلح الجابری نے کہا ہے کہ ’افطار دستر خوان کنگ فہد توسیعی حصے کی زمینی منزل میں بچھائے جائیں گے جبکہ مسعی میں افطار پیکٹ تقسیم کئے جائیں گے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’انفرادی طور پر روزہ داروں کو افطار کرانے کے خواہشمندوں کو دو دستر خوان بچھانے کی اجازت ہے‘۔
’جبکہ فلاحی اور خیراتی اداروں کو چار دستر خوان بچھانے کی اجازت دی گئی ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’دستر خوان میں افطار کے لیے کھانے پینے کے لیے صرف وہی اشیا پیش کی جائیں گی جن کی اجازت ہوگی‘۔